Sunday , August 20 2017
Home / دنیا / گاڑیوں کی تعداد پر تحدیدات کی تجویز

گاڑیوں کی تعداد پر تحدیدات کی تجویز

عوام کو مشکل ہوتو دستبرداری بھی ممکن : کجریوال
نئی دہلی 5 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اشارہ دیا کہ دہلی میں آلودگی پر قابو پانے گاڑیوں کی تعداد پر تحدیدات عائد کرنے کی جو تجویز ہے اس سے دستبرداری اختیار کرلی جائیگی اگر اس سے عوام کیلئے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں اور ماہرین کی جانب سے اس فیصلے کے قابل عمل ہونے سے متعلق سوالات پر کجریوال نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل آوری سے قبل کئی چیزوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور مرکزی حکومت و پولیس سے بھی بات چیت کی جائیگی ۔ اس فیصلے پر مرکز و دہلی پولیس کو بھی ساتھ لینے کی ضرورت ہے ۔ مختلف گوشوں کی جانب سے ظاہر کردہ تشویش کو دور کرنے کی کوشش کے طور پر چیف منسٹر نے کہا کہ یہ ایک اصولی فیصلہ تھا اور اس پر انتہائی تفصیل کے ساتھ کم از کم 20 دن غور و خوض کیا جائیگا اور اعلی عہدیداروں کی ایک کمیٹی کو یہ ذمہ دیا گیا ہے کہ وہ اس اسکیم میں استثنائی صورتحال کیلئے تفصیلات کا تعین کریں۔ کجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت نے ایک اہم بس کاریڈار تعمیر کرنے کے بعد اس اسکیم پر بعد میں کسی مرحلہ پر عمل آوری کا فیصلہ کیا تھا تاہم اسے یہ انتہائی فیصلہ بہت جلد کرنا پڑا کیونکہ دہلی ہائیکورٹ نے آلودگی کے تعلق سے شدید ریمارکس کئے ہیں اور کہا کہ دہلی ایک گیس چیمبر میں تبدیل ہوکر رہ گئی ہے ۔عدالتی ریمارکس کے بعد حکومت نے جلد بازی میں یہ فیصلہ کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT