Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / گجرات آگ کی لپیٹ میں ،کئی علاقوں میں کرفیو نافذ

گجرات آگ کی لپیٹ میں ،کئی علاقوں میں کرفیو نافذ

انٹرنیٹ خدمات معطل7   پولیس چوکی ، اے ٹی ایم اور بسیں نذر آتش
پولیس کے ساتھ جھڑپیں، سنگباری7 تین کانسٹبل کا اغواء
صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکام نے ہاردک پٹیل کو رہا کردیا7 پٹیل طبقہ کا تحفظات کیلئے پرتشدد احتجاج

احمد آباد ۔ 25 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں پٹیل طبقہ کے تحفظات کیلئے جاری احتجاج نے آج انتہائی پرتشدد شکل اختیار کرلی اور ریاست کے بیشتر حصے آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ پٹیل طبقہ کو تحفظات کا مطالبہ کرتے ہوئے میگا ریالی کے انعقاد کے بعد آج رات پولیس نے نوجوان لیڈر ہاردک پٹیل کو حراست میں لے لیا۔ اس کے ساتھ ہی عوام پرتشدد احتجاج پر اتر آئے اور ریاست کے مختلف حصوں میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے واقعات پیش آئے ۔ کئی مقامات پر سنگباری کی گئی اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ پولیس نے ودودرا اور احمد آباد میں انٹرنیٹ سرویس معطل کردی جبکہ صورت کے اضلاع کپودرا اور سارتھنا میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔ اسی طرح دیگر کئی مقامات پر بھی افواہیں پھیلنے سے روکنے کیلئے حکام نے موبائیل سرویسس پر پابندی لگادی۔ احتجاجیوں نے گجرات میں کئی سیاستدانوں کو نشانہ بنایا ۔ ایک پولیس سب انسپکٹر کو سورت میں شدید زخمی حالت میں آئی سی یو میں شریک کیا گیا ہے۔ ہجوم نے تین پولیس کانسٹبل کا اغواء کرلیا تھا

اور بعد میں معمولی زخمی حالت میں انہیں رہا کیا گیا۔ موربی میں بس ڈپو کے قریب اے ٹی ایم کو نقصان پہنچایا گیا ۔ اس کے علاوہ دو بسوں کو بھی نذر آتش کیا گیا ۔ راج کوٹ میونسپل کارپوریشن ویسٹ زون کے دفتر میں ہجوم نے گھس کر گاڑ یوں کو نقصان پہنچایا ۔ پولیس انسپکٹر ایم آر گودھنیا کو اس جھڑپ میں معمولی زخم آئے ۔ اس کے علاوہ راج کوٹ میں پولیس چوکی کو نذر آتش کردیا گیا۔ سورت میں دو بسوں کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکام نے ہاردک پٹیل کو فوری رہا کردیا تھا لیکن تشدد کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی۔ چیف منسٹر آنندی بین پٹیل نے کہاکہ ریاستی حکومت نے احمد آباد میں منعقدہ ریالی کو پرامن بنانے کی ممکنہ کوشش کی لیکن کچھ ایسے واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے پہلے ہی یہ موقف ظاہر کردیا ہے کہ ریاستی حکومت پٹیل طبقہ کو تحفظات فراہم نہیں کرسکتی۔

TOPPOPULARRECENT