Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / گجرات میں سیلاب کی صورتحال تباہ کن

گجرات میں سیلاب کی صورتحال تباہ کن

وزیراعظم کا فضائی سروے ، سینکڑوں افراد بے گھر ، فوج و دیگر مشنری سرگرم

احمدآباد ۔ 25 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی گجرات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کافضائی سروے کریں گے ۔ گجرات کے اضلاع باناسکنٹھا اور پٹن سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ یہاں پر موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور سینکڑوں افراد پانی میں محروس ہیں ۔ چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ ہاؤز میں ملاقات کی اور گجرات کے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال سے واقف کروایا ۔ اس کے بعد وزیراعظم نے فضائی سروے کرنے کافیصلہ کیا ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کی فراہمی اور پانی میں محصور افراد کو نکالنے کے لئے فوج ، آئی اے ایف ، این ڈی آر ایف اور مقامی ٹیموں کو راحت کاری کاموں کیلئے مصروف کردیا گیا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دونوں اضلاع کے 12 تعلقہ جات میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی احمدآباد ایرپورٹ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے روانہ ہوں گے ۔ گجرات کے ڈپٹی چیف منسٹر نتن پٹیل نے کہاکہ عوام کو درپیش مسائل سے مودی کو واقف کروایا جارہا ہے ۔ آج صبح سے سیلاب کی صورتحال نازک ہوگئی ہے ۔ سینکڑوں افراد محفوظ مقامات کو منتقل ہونے کیلئے منتظر کھڑے ہیں۔ انڈین ایرفورس کے تین ہیلی کاپٹرس کو متاثرین کی منتقلی کیلئے متعین کیا گیا ہے۔ بچاؤ کاری کام جاری ہے ۔ فوج نے دیگر نیم فوجی دستوں کی مدد سے سینکڑوں افراد تک امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ گجرات کے وزیر صحت شنکر چودھری نے کہاکہ وہ ان دو اضلاع میں جاری راحت کاری کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ آج صبح سیلاب میں محصور 113 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔ ایم آئی 17VF ہیلی کاپٹر کے ذریعہ امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ زائد از 300 کیلوگرام غذائی پیاکٹ برسائے گئے ہیں۔ گجرات کے دیگر مقامات پر بھی گزشتہ دو دن سے شدید بارش ہورہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر گجرات سے سیلاب کی صورتحال کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا اور متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت دی ۔ ضلع پٹن میں کشتیوں کی مدد سے بھی سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نتن پٹیل نے عوام سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کی جانکاری حاصل کی ۔

TOPPOPULARRECENT