Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / گجرات کے شہر کچھ میں آج سے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی کُل ہند کانفرنس

گجرات کے شہر کچھ میں آج سے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی کُل ہند کانفرنس

مسلمانوں کو داعش کے چنگل میں پھنسے سے روکنے کیلئے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال
احمد آباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سرکردہ پولیس عہدیداروں کی کُل ہند کانفرنس کل سے گجرات کے شہر کچھ میں شروع ہوگی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں دیگر مسائل کے علاوہ ملک میں آئی ایس آئی ایس کے اثرات سے نوجوانوں کو بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ آل انڈیا ڈائرکٹرس جنرل ، انسپکٹرس جنرل آف پولیس کانفرنس 18تا20 ڈسمبر ہند۔ پاک سرحد کے قریب واقع موضع دھروڈو میں منعقد ہوگی۔ جس میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ بھی موجود رہیں گے۔ ملک میں آئی ایس آئی ایس کے بڑھتے ہوئے خطرہ سے نمٹنے کیلئے اقدامات زیر بحث ہوں گے۔گذشتہ سال نومبر میں یہ کانفرنس آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں منعقد ہوئی تھی۔ گجرات کے ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر پی سی ٹھاکر نے قبل ازیں کہا تھا کہ ہندوستان میں آئی ایس آئی ایس کے منصوبہ کو ناکام بنانے اور ہندوستانی مسلمانوں میں شدت پسندی کی حوصلہ شکنی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ عامی عسکریت پسند تنظیم کے مذموم پروپگنڈہ سے انہیں بچایا جاسکے۔ سنٹرل انٹلیجنس بیورو کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں مختلف پولیس اور سیکوریٹی اداروں کے سربراہان حصہ لیں گے۔

تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے ڈی جی پیز اور آئی جیز کے علاوہ نیشنل انوسٹگیشن ایجنسی سنٹرل بیورو آف انوسٹگیشن، انٹلیجنس بیورو، نیروٹیک ڈپارٹمنٹ اور پولیس ٹریننگ اکیڈیمیز کے سربراہان شرکت کریں گے۔ مزید برآں نیم فوجی دستوں، بارڈر سیکورٹی فورسیس، سنٹرل ریزروپولیس فورس اور سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کے ڈائرکٹر جنرلس اور انسپکٹر جنرلس کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی آمد کے پیش نظر گجرات پولیس اور ریاستی حکومت نے کانفرنس کے مقام کو محفوظ قلعہ میں تبدیل کردیا ہے تاکہ سیکوریٹی میں کوئی خامی اور کوتاہی نہ ہوسکے۔ حال ہی میں ڈائرکٹر جنرل پولیس اور چیف سکریٹری مسٹر جی آر الوریہ نے دورہ کرکے کانفرنس کی تیاریوں اور سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ جبکہ بی ایس ایف کے عہدیداروں کو حفاظتی بندوبست کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔گجرات سی آئی ڈی کے ڈی جی پی مسٹر پرمود کمار نے بتایا کہ کانفرنس کے موقع پر دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں کو بھی چوکس کردیا گیا ہے اور سمندری راستوں سے درندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے ہندوستانی بحریہ اور ساحلی محافظوں ( کوسٹ گارڈس ) کو مستعد کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں ملک بھر سے 250 اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت متوقع ہے اور یہ پہلا موقع ہے جس میں پولیس عہدیداروں کے افراد خاندان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT