Sunday , April 30 2017
Home / شہر کی خبریں / گداگر 50 لاکھ روپئے جمع کرانے بینک پہونچ گیا

گداگر 50 لاکھ روپئے جمع کرانے بینک پہونچ گیا

پیان کارڈ بھی موجود، بینک اسٹاف اور قطار میں ٹھہرے عوام حیران
حیدرآباد 15 نومبر (سیاست نیوز) ملک میں پرانی کرنسی کا چلن بند کرنے کے فیصلہ کا ہر شعبہ پر اثر پڑا ہے۔ گداگری پیشہ بھی اِس سے نہیں بچ سکا۔ چنانچہ ایک واقعہ میں گداگر کی اصلیت منظر عام پر آئی جس پر بینک عملہ حیرت کا شکار ہوگیا۔ وقارآباد میں ایک گداگر نے اپنے پاس 50 لاکھ روپئے نقد رقم کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے سب کو حیرت سے دوچار کردیا۔ اِس کی حالت دیکھ کر پہلے تو عملہ نے یہ تصور کیا کہ وہ رقمی تبادلہ کے لئے بینک آیا ہے چنانچہ جب اُس سے آنے کی وجہ دریافت کی گئی تو اُس نے تیور بدل کر کہاکہ وہ تو رقم جمع کرانے کے لئے یہاں پہونچا ہے۔ بینک عملہ نے جب اُس سے رقم جمع کرانے کے لئے کہا تو اُس نے 50 لاکھ روپئے سے بھرا ایک تھیلہ حوالے کیا۔ بینک کے باہر طویل قطار میں ٹھہرے لوگ بھی حیران تھے۔ بینک ملازمین نے اِس معمر گداگر سے کہاکہ اتنی بڑی رقم جمع کرانے کے لئے پیان کارڈ ضروری ہے تو اُس نے فوری اُسی تھیلے سے اپنا پیان کارڈ نکالا۔ اِس گداگر نے بتایا کہ یہ اُس کا خاندانی پیشہ ہے اور گھر کے کئی افراد اِسی پیشہ سے جُڑے ہوئے ہیں۔ بینک ملازمین نے گداگر سے کہاکہ اتنی بڑی رقم جمع کرانے پر یہ سوال کیا جاسکتا ہے کہ یہ رقم کہاں سے آئی، اُس نے فوری جواب دیا کہ اُن کے خاندان نے حال ہی میں دو ایکر اراضی فروخت کی تھی اور یہ وہی رقم ہے۔ اِن سب کے باوجود بینک ملازمین مطمئن نہیں ہوئے اور اُس سے اراضی کی فروخت کے دستاویزات کا تقاضہ کیا چنانچہ یہ گداگر رقم لے کر واپس لوٹ گیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT