Thursday , October 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / گرائم اسمتھ کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اشارہ

گرائم اسمتھ کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اشارہ

جنوبی افریقہ کی ٹسٹ سیریز میں شکست فاش پر سابق کپتان رنجیدہ
دبئی ، 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف حالیہ اختتام پذیر ٹسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کی بُری طرح ناکامی پر مایوس ریٹائرڈ سابق کپتان گرائم اسمتھ نے کہا کہ وہ اپنے سابق ٹیم ساتھیوں کو اس قدر جدوجہد میں مبتلا دیکھنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو واپسی پر غور کرسکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ چار میچ کی سیریز 0-3 سے ہار گیا، جن میں سے دو شکستیں اندرون تین یوم درج ہوئیں۔ اسمتھ جو ماسٹرز چمپینس لیگ (ایم سی ایل) میں وِرگو سوپر کنگس فرنچائز کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے، انھوں نے کہا کہ ایسی شکست فاش دیکھنے کے بعد میرے ذہن میں سبکدوشی سے باہر نکل آنے کا خیال آرہا ہے۔ اسمتھ نے اخبار ’’دی نیشنل‘‘ سے گفتگو میں ریمارک کیا، ’’کون جانتا ہے ایم سی ایل انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا پلیٹ فام ہوسکتا ہے‘‘۔ 34 سالہ لیفٹ ہینڈ بیٹسمن نے جو 2014ء میں ریٹائر ہوئے، کہا: ’’مجھ سے یہ سوال اکثر کیا جاتا ہے۔ یہ بات آپ کے ذہن میں گردش کرتی رہتی ہے، بالخصوص جب آپ دیکھتے ہیں کہ کھلاڑی ہندوستان میں جدوجہد کررہے ہیں تب آپ سوچتے ہو کہ آپ اپنا کچھ رول ادا کرسکتے ہو، مگر دیکھیں کہ کیا ہوتا ہے۔ میں وطن واپس ہوکر ٹریننگ کروں گا، تیاری کروں گا اور ایم سی ایل کیلئے تیار ہوجاؤں گا۔‘‘انھوں نے مزید کہا، ’’جہاں تک میرا معاملہ ہے، میں اس نکتہ پر اٹکا ہوں کہ آیا مجھے دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا چاہئے یا نہیں۔ میں اب 34 سال کا ہوں، میں نے 33 سال میں سبکدوشی اختیار کی؛ چنانچہ یہ سوالیہ نشان تو شروع سے ہے کہ آیا میں مزید تین، چار سال کھیل سکتا ہوں۔ مجھے پتہ ہے میں ایسا کرسکتا ہوں۔ مگر بس یہی ہے کہ میں نے قطعیت سے کچھ فیصلہ نہیں کیا ہے۔ میں ایم سی ایل کا منتظر ہوں اور پھر وہاں سے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT