Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / گرفتاریوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا: جیش محمد

گرفتاریوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا: جیش محمد

لاہور ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پٹھان کوٹ میں قائم ہندوستانی فضائیہ کے اڈے پر حملے میں نامزد پاکستانی شدت پسند کالعدم تنظیم جیش محمد نے سماجی رابطے کے اپنے صفحے پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ کارکنوں کی گرفتاریوں سے تنظیم اور اس کے مقاصد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ فیس بک پر ’مکتب الامیر‘ نامی صفحے، جس پر جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے ذاتی پیغامات اور مضمون شائع کیے جاتے ہیں، اس صفحے پر جمعرات کی صبح شائع ہوئے ایک پیغام میں کیا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ’کافر اور منافق ہماری گرفتاری پر خوشیاں منا رہے ہیں، وہ گرفتاری جو ہوئی ہی نہیں، اور اگر ہو بھی جائے تو کیا فرق پڑے گا؟ کچھ بھی نہیں۔‘ اس مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں سے تنظیم کے عزائم اور’جہاد‘ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے جیش محمد کے پٹھان کوٹ حملے میں ملوث ہونے کے بھارتی الزام کی تفیتش کے دوران اس کالعدم تنظیم کے بعض کارکنوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حکومتی اعلان اور کالعدم جیش محمد کے اس ردعمل کے بعد بھی ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ تنظیم کے سربراہ مسعود اظہر کو تحویل میں لیا گیا ہے یا نہیں۔تاہم تین روز قبل اسی صفحے پر ایک مضمون میں مسعود اظہر نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ انھیں حراست میں لیا جا سکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT