Thursday , July 27 2017
Home / شہر کی خبریں / گرمائی تعطیلات میں بچوں کو دینی معلومات سے واقف کروانے کی ضرورت

گرمائی تعطیلات میں بچوں کو دینی معلومات سے واقف کروانے کی ضرورت

سیر و تفریح کو بہتر انداز میں نبھایا جائے ، سمر کیمپس میں داخلوں سے قبل تحقیق کرلیں
حیدرآباد۔22مارچ (سیاست نیوز) گرمائی تعطیلات کو ضائع کرنے کے بجائے ان کے صحیح مصرف پر توجہ دینے کیلئے منصوبہ بندی کی جانی چاہئے تاکہ گرمائی تعطیلات کے دوران بھی طلبہ کے عادات و اطوار میں کوئی تبدیلی نہ آئے بلکہ انہیں تعلیم سے لگاؤ برقرار رہتے ہوئے ان تعطیلات کے دوران کچھ نیا سیکھنے کا موقع ملے۔ گرمائی تعطیلات کے ساتھ ہی گھومنے پھرنے کے علاوہ تفریحی و سیاحت کے منصوبہ تیار کئے جانے لگتے ہیں جو کہ اچھی بات ہے لیکن ان گرمائی تعطیلات کے دوران طلبہ کو ایسے مقامات کی سیاحت کروائی جانی چاہئے جس کے ذریعہ انہیں اپنے ماضی اور تاریخ کا علم ہوسکے اور یہ معلومات انہیں مستقبل میں کام آئیں۔ اسی طرح جو لوگ تفریح و سیاحت کیلئے نہیں نکلتے انہیں بچوںکو گرمائی تعطیلات کے دوران چلائے جانے والے اس گرمائی یا سمر کیمپ میں شریک کروانا چاہئے جہاں انہیں تعلیم ‘ معلومات کے ساتھ عملی دینی تربیت بھی حاصل ہو اور وہ ان گرمائی تعطیلات سے بہترین فائدہ حاصل کرسکیں۔حالیہ برسوں میں سمر کیمپ کے بڑھتے رجحان کے درمیان کئی طرح کے سمر کیمپ شروع کئے جانے لگے ہیں اور ان میں ناچ گانے اور دیگر تفریحی پروگرامس کے سمر کیمپ بھی شامل ہیں اسی لئے کسی بھی سمر کیمپ میں بچوں کو داخلہ دلوانے یا انہیں سمر کیمپ کی سرگرمیوں کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرنے سے قبل اس بات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جانا ضروری ہے کیونکہ ان سرگرمیوں کا حصہ بنائے جانے کی صورت میں بچوں میں تبدیلی کے بجائے ان میں بگاڑ کے آثار پیدا ہونے لگتے ہیں۔ گرمائی تعطیلات کے دوران اسکولی طلباء کے علاوہ طالبات کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر دینی گرمائی کلاسس کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور ان کلاسس میں داخلہ بچوں کو دینی ماحول سے مربوط رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔جامعہ نظامیہ و ادارہ سیاست کے علاوہ شہر کی دیگر تنظیموں و اداروں کی جانب سے گرمائی تعطیلات کے دوران مختصر مدتی کورسس کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے اور ان کورسس میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے طلباء و طالبات بنیادی دینی علوم حاصل کر سکتے ہیں۔ تعطیلات کے دوران دینی علوم کے حصول کے ساتھ ساتھ ایسے ہنر بھی سیکھنے کی کوشش کی جا سکتی ہے جن میں دلچسپی ہو ۔ بچوں کو تعطیلات کے دوران سیر و تفریح کے ساتھدینی  امور میں بھی دلچسپی پیدا کرنی چاہئے جو کہ والدین کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو بہتر انداز میں نبھانے کی صورت میں نہ صرف بچوں کی زندگی بہتر ہوگی بلکہ گھریلو سکون کی برقراری میں بچپن کی یہ تعلیمات کا کلیدی کردار ہوگا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT