Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / گرمائی تعطیلات میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم جاری رہے گی

گرمائی تعطیلات میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم جاری رہے گی

حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت نے ریاست میں اسکولوں کو گرمائی تعطیلات میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے آج سکریٹریٹ میں عہدیداران محکمہ تعلیمات کے ساتھ طلب کردہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اور بتایا کہ ماسوا شہر حیدرآباد ریاست کے تمام 9 اضلاع میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم ( مڈ ڈے میل اسکیم ) کو جاری رکھا جائے گا ۔ پہلی جماعت تا دسویں جماعت کے طلباء و طالبات کو صبح دس بجے ہی کھانا فراہم کیا جائے گا اور 11 بجے تک تمام بچوں کو مدارس میں کھانا کھلا کر ان کے مکانات کو روانہ کردیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے ذریعہ بچوں کو کھانا فراہم کرنے کی متعلقہ ضلع کلکٹروں کو ذمہ داری دی گئی ہے اور ان سے اس سلسلہ میں مکمل انتظامات کرلینے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کے سری ہری نے کہا کہ سرکاری مدارس میں خانگی اسکولس کے خطوط پر تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے اور معیار تعلیم میں بہتری پیدا کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جارہا ہے اور اس لائحہ عمل کے مطابق ہی مدارس کے ہیڈ ماسٹروں اور مدرسین کو اقدامات کرنے کی ہدایات دی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے اعلان کردہ نئے گروکل اسکولس میں اساتذہ کے تقررات تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ جائے جائیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT