Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / گرما میں بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے کی مساعی

گرما میں بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے کی مساعی

شہر میں مارچ سے قبل دو تا چار گھنٹے برقی کٹوتی کا اندیشہ
حیدرآباد۔ 16 فرو ری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے بلدی حدود میں موسم گرما کے دوران بلاوقفہ برقی سربراہی کے سلسلے میں اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرس و ڈیویژنل انجینئرس کو ہدایت دے دی گئی ہے کہ وہ موسم گرما کے آغاز سے قبل مینٹننس ورک مکمل کرلیں۔ ڈائریکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل (آپریشنس) مسٹر جے سرینواس ریڈی نے آج جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موسم گرما کے آغاز سے قبل شہریان حیدرآباد کو 2 تا 4 گھنٹے کے برقی خلل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، لیکن ماہ مارچ کے وسط سے بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سال گزشتہ موسم گرما کے دوران 53 ملین یونٹس برقی کا استعمال حیدرآباد میں کیا گیا تھا اور اس مرتبہ امکان ہے کہ اس میں زبردست اضافہ ہوگا اور آنے والے موسم گرما کے دوران 55 تا 58 ملین یونٹس درکار ہوں گے۔ مسٹر جے سرینواس ریڈی نے بتایا کہ شہر کے بعض علاقوں میں 2 تا 4 گھنٹے کا جو برقی سربراہی میں خلل پیدا ہوگا ، اس کی وجہ دراصل مینٹننس کے کام ہیں جنہیں قبل از وقت مکمل کرلینے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں موجود تمام ایس ای ،ڈی ای اور آپریشنس کے نگران عہدیداروں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی شکایات بالخصوص صارفین کی جانب سے غیرمعلنہ برقی کٹوتی کی شکایات پر فوری کارروائی کریں۔

TOPPOPULARRECENT