Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / گرمی کی لہر ، بھدراچلم میں درجہ حرارت 44.2

گرمی کی لہر ، بھدراچلم میں درجہ حرارت 44.2

حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور بھدراچلم میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 44.2 ڈگری سیلسئس ریکارڈ کیا گیا۔ جاریہ موسم گرما میں یہ ریاست میں اب تک کا اعظم ترین درجہ حرارت ہے۔ ینم بائیلو دیہات میں درجہ حرارت 44.1 ڈگری سیلسئس ریکارڈ کیا گیا۔ بھدراچلم اور ینم بائیلو دونوں بھدرادری ۔ کوتہ گوڑم ضلع میں واقع ہیں۔ اسی طرح کھمم ضلع کے وائیرا میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسئس ریکارڈ کیا گیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے یہ بات بتائی۔ محکمہ موسمیات کے بموجب محبوب نگر میں درجہ حرارت 42.6 ، کھمم 42.2 ، عادل آباد 41.3 اور حیدرآباد میں 40 ڈگری سیلسئس ریکارڈ کیا گیا۔ تلنگانہ میں موسم خشک رہے گا اور کل بھی درجہ حرارت معمول سے دو یا تین ڈگری سیلسئس زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اور رائلسیما کے کئی علاقوں میں آئندہ دو دن کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسئس سے زیادہ رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہاکہ ساحلی آندھراپردیش میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ہلکی سے اوسط بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ جنوبی انڈومان سمندر میں طوفانی ہواؤں کا اثر پایا جاتا ہے اور یہ سطح سمندر سے 3.1 کیلو میٹر بلند ہورہی ہیں۔ مشرقی وسطی خلیج بنگال اور جنوب مشرقی علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا امکان ہے۔ ساحلی آندھرا اور رائلسیما میں موسم خشک رہے گا۔ شہر حیدرآباد میں گرمی کی وجہ سے عوام نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔ کئی مقامات پر سڑکیں سنسان نظر آرہی تھیں۔ عوام میں مشروبات اور ٹھنڈے پانی کے استعمال میں اضافہ ہوا۔ حکام کی جانب سے عوام کو یہ مشورہ دیا جارہا ہے کہ گرمی کی شدت کے دوران گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔ اس کے علاوہ کثرت سے پانی پینے کا مشورہ دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT