Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / گرم ہواؤں سے محفوظ رہنے عوام سے اپیل

گرم ہواؤں سے محفوظ رہنے عوام سے اپیل

شدید دھوپ میں مزدوروں سے کام نہ لینے کلکٹرس کو پرنسپل سکریٹری کی ہدایت
حیدرآباد۔ 13اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے سرکاری طور پر شدید دھوپ کے اوقات میں مزدوروںسے کام نہ لینے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ مال مسٹر بی آر مینا نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں ضلع کلکٹرس کے علاوہ محکمہ دیہی آبرسانی کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ دھوپ اور شدید گرم ہواؤں سے ہونے والے نقصانات سے عوام کو بچانے کے اقدامات کرتے ہوئے عوام میں شعور اجاگر کریں۔ مسٹر بی آر مینا نے بتایا کہ سرکاری طور پر گرم ہواؤں کے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سخت دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نہ نکلیں تاکہ لو سے بچا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ تاحال تلنگانہ میں 35افراد لو لگنے سے فوت ہوئے ہیں۔ انہوں نے 66اموات کی اطلاعات کو غیر درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جو اعداد و شمار سرکاری طور پر موصول ہوئے ہیں ان کے مطابق اب تک صرف 35افراد کی موت لو لگنے اور شدید گرمی کے سبب ہوئی ہے۔ریاست میں آج راماگنڈم اور نلگنڈہ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آج ان علاقوں میں درجہ حرارت 44ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔

محکمہ مال کی جانب سے دیہی علاقوں میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مواضعات میں وافر مقدار میں پانی کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ شہر میں گرم ہواؤں کے سرکاری طور پر انتباہ جاری کئے جانے کے بعد آج دونوں شہروں میںمختلف مقامات محکمہ پولیس کی جانب سے راہگیروں بلخصوص اسکولی بچوں کو گلوکوز کا پانی تقسیم کرتے ہوئے دیکھا گیا ٹریفک پولیس کی جانب سے شدید دھوپ میں انجام دی جانے والی اس خدمت کی زبردست سراہنا کی جارہی ہے۔ محکمہ پولیس کے علاوہ شہر کے کئی مقامات پر فلاحی تنظیموں کی جانب سے بھی ٹھنڈے مشروبات تقسیم کئے جاتے رہے ۔ حیدرآباد میں آج درجہ حرارت دوپہر کے وقت 44ڈگری ہو چکا تھا اس شدید گرمی کے دوران بھی آج اسکول کھلے رہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ دو یوم کے دوران گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور گرم ہواؤں سے بچنے و احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے انتباہ کو برقرار رکھا گیا ہے۔ عوام شدیددھوپ کی تمازت سے بچنے کیلئے پانی کے استعمال میں اضافہ کریں اور دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کریں۔

TOPPOPULARRECENT