Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / گرونانک جینتی پر بینکس بند ، اے ٹی ایم پر عوام کا ہجوم

گرونانک جینتی پر بینکس بند ، اے ٹی ایم پر عوام کا ہجوم

کئی اے ٹی ایم غیر کارکرد ، شہریوں میں بے چینی کی کیفیت برقرار
حیدرآباد۔14نومبر(سیاست نیوز) گرونانک جینتی کے سبب بینک کو تعطیل نے عوام مشکلات کا شکار ہو گئے اور شہر میں ہر اے ٹی ایم پر کھاتہ داروں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں اور کئی مقامات پر اے ٹی ایم کی طویل قطاروں کو روکتے ہوئے بینک عملہ کی جانب سے مشینوں میںنوٹ ڈالے گئے ۔ بینک بند ہونے کے سبب اے ٹی ایم مراکز پر طویل قطاروں کے درمیان پولیس کا عملہ بھی متعین کیا گیا تھا۔ اے ٹی ایم کی غیر کارکردگی سے عوام کو ہونے والی مشکلات کو دور کرنے کیلئے کئی بینکوں کی جانب سے اے ٹی ایم مراکز پر عوام کی طویل قطاروں سے نمٹنے کیلئے بینک کی جانب سے خصوصی عملہ کو متعین کیا گیا تھا ۔ شہر میں آج تعطیل کے سبب سڑکوں پر ٹریفک نہیںدیکھی گئی لیکن اے ٹی ایم مراکز پر عوام کی بڑی تعداد قطاروں میں موجود رہی۔ دونوں شہروں کے بیشتر اے ٹی ایم مراکز سے 100روپئے کے نوٹ نکالے جا رہے ہیں اور گذشتہ شب سے اے ٹی ایم کے ذریعہ2000سے بڑھا کر 2500کی گنجائش کئے جانے کے بعد شہریوں کو کچھ حد تک راحت میسر آئی کیونکہ ان رقومات کے ذریعہ ہی روز مرہ کے اخراجات کی پابجائی ممکن ہو رہی ہیں۔ اس کے باوجود بھی عوام میں بے چینی کی کیفیت دیکھی جا رہی ہے۔ اے ٹی ایم پر مرد و خواتین کی علحدہ قطاریں دیکھی گئیں اور گذشتہ شب رات دیر گئے تک بھی شہر کے بعض اے ٹی ایم مراکز پر طویل قطاریں موجود تھیں جہاں پولیس کے خصوصی دستے متعین کئے گئے تھے۔ شہر کے کسی بھی اے ٹی ایم میں فی الحال 500کی نئی نوٹ موجود نہیں ہے اس کے علاوہ کئی قومی بینکوں کے اے ٹی ایم مراکز پر اب بھی ’’آؤٹ آف آرڈر ‘‘ کے بورڈ آویزاں ہیں جس کے سبب عوام کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پرانے شہر کے رہائشی علاقوں میں موجود اے ٹی ایم مراکز میں بیشتر اے ٹی ایم مراکز تا حال شروع نہیں کئے جا سکے جس کی وجہ سے پرانے شہر کے عوام کوکئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بازاروں میں لگائے گئے اے ٹی ایم مشینوں کی کارکردگی اور رہائشی علاقوں کے مشینوں کی عدم کارکردگی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT