Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / گریش کرناڈ کی معذرت خواہی کے باوجود احتجاج جاری

گریش کرناڈ کی معذرت خواہی کے باوجود احتجاج جاری

کرناٹک کے مسئلہ کو دیگر شخصیتوں سے منسوب کرنا ٹھیک نہیں: کانگریس
ممبئی۔13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گریش کرناڈ نے اپنے بیانات پر معذرت خواہی کی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اُن کے خلاف احتجاج ختم نہیں ہوا ہے۔ مہاراشٹرا کانگریس لجسلیٹر نتیش رانے نے گریش کرناڈ پر تنقید کی اور کہا کہ گریش کرناڈ نے مراٹھی کنگ چھترپتی شیواجی پر جو تبصرہ کیا ہے وہ ناپسندیدہ ہے۔ انہیں فوری معذرت خواہی کرنی چاہئے یا پھر ان کے ریمارک کے لئے وہ مراٹھیوں کی نفرت کا سامنا کریں۔ گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ گریش کرناڈ نے شیواجی پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ تنازعہ اس وقت پیدا کیا تھا جب انہوں نے کہاتھا کہ 18 ویں صدی کے میسور کے حکمران ٹیپو سلطان کو شیواجی کی طرح مرتبہ نہیں دیا گیا۔ اگر وہ مسلمان نہ ہوکر ہندو ہوتے تو انہیں یہ مرتبہ ملتا تھا۔ نتیش رانے نے کہا کہ کرناٹک میں جو کچھ ہوا ہے وہ وہاں کا مسئلہ ہے۔ گریش کرناڈ اپنی ریاست کے مسئلہ کو شیواجی مہاراج یا کسی اور شخصیت کے حوالے سے منسوب نہیں کرسکتے۔ میں گریش کرناڈ کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے اس ریمارک کے ساتھ ہماری مہاراشٹرا کی سرزمین پر قدم رکھیں اور دیکھیں کہ وہ کس طرح واپس جائیں گے۔ نتیش رانے نے سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اور کانگریس کے سینئر لیڈر نارائن رانے کے فرزند ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹیوٹر پر یہ بیان پوسٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ گریش کرناڈ کو برسوں سے ہمارے بالی ووڈ نے عزت دی ہے۔ اب وہ ہمارے مہاراجہ کی توہین کرنے کی جرأت کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT