Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی تاریخی کامیابی: محمد محمود علی

گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی تاریخی کامیابی: محمد محمود علی

چیف منسٹر اور کے ٹی آر کو مبارکباد، عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا عہد
حیدرآباد۔/5فبروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کو تاریخی قرار دیا اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے گریٹر حیدرآباد کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے حیدرآباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹی آر ایس کو مثالی کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ بلدی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب حیدرآباد میں کوئی پارٹی صرف اپنی طاقت پر میئر کے عہدہ پر کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے جو پیش قیاسی کی تھی وہ درست ثابت ہوئی اور بلدیہ پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگیا۔ محمود علی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام کے رجحان کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے کامیابی کا پہلے ہی اظہار کردیا تھا اور حکومت کی کارکردگی اور پالیسیوں پر عوام نے اپنی تائید کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ شہر کی ترقی کے سلسلہ میں ٹی آر ایس حکومت پر بھروسہ کرتے ہیں اور صرف ٹی آر ایس ہی حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرسکتی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے انتخابی مہم کے اسٹار کمپینر کے ٹی راما راؤ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے انہیں بلدی نظم و نسق کا قلمدان حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ شہر کی ترقی سے متعلق منصوبوں پر عمل آوری کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے گریٹر حیدرآباد کیلئے جو انتخابی منشور جاری کیا تھا اس میں شامل تمام وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ محمود علی نے اقلیتی رائے دہندوں سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے ٹی آر ایس کے امیدواروں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے پارٹی کی اکثریت میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر اور اقلیتوں کی ترقی کے بارے میں چیف منسٹر نے جو وعدے کئے تھے انہیں بہر صورت عملی جامہ پہنایا جائیگا۔ آئندہ پانچ برسوں میں حیدرآباد تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ اور کلین اینڈ گرین سٹی کا درجہ حاصل کرلے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے انتخابی مہم میں شریک وزراء، قائدین اور پارٹی کارکنوں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں مشورہ دیا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری میں مصروف ہوجائیں۔ محمد محمود علی نے ناکام امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ حوصلوں کو پست کرنے کے بجائے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ پارٹی حقیقی کارکنوں کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT