Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر حیدرآباد انتخابات کیلئے وسیع تر انتظامات، الیکشن کمیشن کی تیاریاں

گریٹر حیدرآباد انتخابات کیلئے وسیع تر انتظامات، الیکشن کمیشن کی تیاریاں

حیدرآباد۔/16ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر وی ناگی ریڈی نے کہا کہ پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے آج پولیس کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں میونسپل اڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیولپمنٹ پرنسپال سکریٹری ایم جی گوپال، جی ایچ ایم سی کمشنر و اسپیشل آفیسر ڈاکٹر پی جناردھن ریڈی، حیدرآباد پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی، سائبرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند اور محکمہ کے عہدیداروں کے بشمول کئی سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدی انتخابات کو آزادانہ و منصفانہ منعقد کرنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوگس رائے دہی کو روکنے کیلئے خصوصی نظر رکھی جائے گی اس کے علاوہ دولت و طاقت کے استعمال کو روکا جائے گا۔ شہر کے 2500 پولنگ علاقوں میں تقریباً 8000 پولنگ اسٹیشنس قائم کئے جائیں گے۔
ایڈیشنل کمشنر الیکشن سریندر موہن، ریاستی الیکشن کمشنر سکریٹری اشوک کمار بھی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق بڑے پیمانے پر انتظامات جلد سے جلد مکمل کرنے کے علاوہ دیگر اہم اُمور پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل ہی تمام تر انتخابی تیاریوںکو مکمل کرلینے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے  بہت جلد اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT