Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے ٹی آر ایس کی تیاریاں

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے ٹی آر ایس کی تیاریاں

شہر میں دو بیڈروم فلیٹس اور دیگر ترقیاتی پروگراموں پر خصوصی توجہ
حیدرآباد ۔ 13 دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے زیر قیادت ریاستی حکومت نے آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے مجوزہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل شہر حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو تیز تر بناتے ہوئے شہر حیدرآباد (جی ایچ ایم سی حدود ) میں واقع تمام حلقہ جات اسمبلی میں ڈبل بیڈ روم فلیٹس کے علاوہ دیگر ترقیاتی پروگراموں کے لیے تقاریب سنگ بنیاد منعقد کرتے ہوئے عملی طور پر اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ اسی حصہ کے طور پر آج بھی کواڑی گوڑہ علاقہ میں مسٹر کے ٹی راما راؤ کے ہاتھوں ڈبل بیڈ روم فلیٹس کے لیے سنگ بنیاد تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقعہ پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنا بہت بڑا دل رکھتے ہیں اور ملک میں کوئی بھی ریاست میں انجام نہ دی جانے والی غریب عوام کے لیے مرتب کردہ اسکیم کے تحت تقریبا 6 لاکھ کے صرفہ سے مکانات تعمیر کر کے فراہم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کے لیے اپنی عزت کی زندگی گذارنے کو یقینی بنانے کے مقصد سے ہی یہ دو بیڈ رومس مکانات تعمیر کر کے فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ مکانات کی تعمیر کے لیے استفادہ کنندوں سے ایک روپئے بھی نہیں لیا جارہا ہے اور آئندہ چار برسوں کے دوران شہر حیدرآباد میں ایک لاکھ سے زائد مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ شہر حیدرآباد میں ہر ایک غریب آدمی کو مکانات تعمیر کر کے فراہم کئے جائیں گے ۔ اسی طرح تلنگانہ حکومت ملک بھر میں اپنی نوعیت کی منفرد پنشن اسکیم کو بھی روبہ عمل لارہی ہے ۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت نے غریبوں کے لیے کلیان لکشمی اسکیم اور مسلمانوں کے لیے شادی مبارک اسکیم کو روبہ عمل لانے کے اقدامات کررہی ہے ۔ علاوہ ازیں ساڑھے نو لاکھ آٹو ڈرائیورس کو 5 لاکھ روپئے مفت حادثاتی انشورنس فراہم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کٹوتی کے بغیر برقی سربراہی کا اعزاز مسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کو ہی حاصل ہے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے یاد دلایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل پانے پر ریاست تلنگانہ مکمل تاریک ہوجانے کا سابق چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی نے اظہار کیاتھا لیکن اس طرح کا اظہار خیال کرنے والے مسٹر کرن کمار ریڈی کی سیاسی زندگی ہی مکمل طور پر تاریک ہو کر رہ گئی ہے ۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر امور برائے ریونیو و رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس مسٹر محمد محمود علی ، وزیر آبکاری مسٹر پدما راؤ ، وزیر کمرشیل ٹیکسیس مسٹر ٹی سرینواس یادو و دیگر نے بھی شرکت کی اور حکومت کے اقدامات کی زبردست ستائش کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT