Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

عوام میں کافی جوش و خروش ، پارٹی کی سبقت کو کوئی روک نہیں سکتا : وزیر فینانس ای راجندر
حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے دعویٰ کیا کہ گریٹر حیدرآباد کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس 80تا 100نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے بلدیہ پر اپنا پرچم لہرائے گی۔ ایل بی نگر اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس، تلگودیشم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اسکیمات سے شہر کے عوام کافی خوش ہیں اور جس طرح ورنگل میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی اسی طرح بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی سبقت کو کوئی روک نہیں پائے گا۔ انہوں نے تلگودیشم اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے مقامی قائدین کی شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت غریبوں کی بھلائی میں سنجیدہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کی اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت مذہبی، علاقائی جذبات سے بالاتر ہوکر تمام طبقات کی خدمت پر ایقان رکھتی ہے اور گزشتہ 18ماہ کے دوران حکومت نے تمام طبقات کیلئے مختلف فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا۔ وزیر فینانس نے کہا کہ تلنگانہ ایک ویلفیر اسٹیٹ ہے جہاں بھلائی کی اسکیمات کو ترجیح دی جارہی ہے۔ بجٹ میں زیادہ تر حصہ داری فلاحی اسکیمات کو دی گئی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ حکومت مختلف لالچ اور دھمکیوں کے ذریعہ اپوزیشن قائدین کو شامل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے متاثر ہوکر مختلف عوامی نمائندے اور قائدین ٹی آر ایس کا رخ کررہے ہیں۔ وزیر فینانس نے کہا کہ اُگادی سے تلنگانہ میں کسانوں کو 9گھنٹے برقی سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 2018سے تلنگانہ میں زرعی شعبہ کو 24گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے برقی اور آبرسانی کے بحران پر قابو پالیا ہے۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر حیدرآباد کو دنیا کے ترقیافتہ شہروں کی فہرست میں شامل کرنا چاہتے ہیں اور آئندہ دو برسوں میں حیدرآباد میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ صدر گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس ایم ہنمنت راؤ اور دوسروں نے مخاطب کیا۔

TOPPOPULARRECENT