Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / گریٹر حیدرآباد کی ترقی ٹی آر ایس کا اصل ایجنڈہ

گریٹر حیدرآباد کی ترقی ٹی آر ایس کا اصل ایجنڈہ

عوام میں زبردست جوش و خروش ، وزیر فینانس ای راجندر کی انتخابی مہم
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات گریٹر حیدرآباد انتخابات میں اسے کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ ای راجندر نے ملکاجگیری اسمبلی حلقہ کے مختلف بلدی وارڈس میں ٹی آر ایس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور عوام کی جانب سے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گریٹر بلدیہ پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا ۔ انہوں کہا کہ ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں جس طرح شاندار کامیابی حاصل ہوئی ، اسی طرح گریٹر انتخابات میں بھی اپوزیشن جماعتوں کی ضمانت  نہیں بچے گی۔ وزیر فینانس نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آئندہ انتخابات تک ہر گھر کو پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کیلئے اسکیم تیار کرلی گئی۔ کرشنا اور گوداوری سے پائپ لائین حیدرآباد تک بچھانے کا کام اختتامی مرحلہ میں ہے۔ اس کام کی تکمیل سے شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ ختم ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر وہ واحد قائد ہیں جنہوں نے وعدوں کی عدم تکمیل پر دوبارہ ووٹ نہ مانگنے کا اعلان کیا ہے، اس سے ان کی سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے ۔ راجندر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے تمام علاقوں کو یکساں طور پر ترقی دی جائے گی اور پسماندگی کا خاتمہ ہوگا۔ وزیر فینانس نے خواتین اور نوجوانوں کیلئے مختلف اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں اور پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکاجگیری کے 9 ڈیویژن میں ٹی آر ایس کامیاب ہوگی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن عوام اپوزیشن پر بھروسہ کرنے والی نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT