Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / گزشتہ سال13,715 کروڑ کی غیر محسوب آمدنی دریافت

گزشتہ سال13,715 کروڑ کی غیر محسوب آمدنی دریافت

۔1.26کروڑ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ، مملکتی وزیر سنتوش گنگوار کا بیان
نئی دہلی۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ انکم ٹیکس نے مالی سال 2016-17 میں مختلف سروے کے ذریعہ 13,715 کروڑ روپئے کی غیر محسوب آمدنی کا پتہ چلایا ہے، مملکتی وزیر فینانس سنتوش کمار گنگوار نے آج یہ بات کہی ہے۔ انہوں نے راجیہ سبھا میں تحریری جواب پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ گزشتہ مالی سال 1.26 کروڑ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے 1152 گروپوں کے 5102 مقامات کی تلاشی لی جس کے دوران 15496 کروڑ روپئے کی غیر محسوب آمدنی معلوم کی گئی۔ اسی مدت کے دوران 12526 سروے کے نتیجے میں 13715کروڑ روپئے کی معروف ذرائع کے علاوہ آمدنی کا پتہ چلا۔ انہوں نے کہا کہ 9 نومبر 2016 تا 31 مارچ 2017 کے درمیان جملہ 1.96 کروڑ انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کئے گئے جو 2015-16 کی اسی مدت کے دوران داخل شدہ 1.63 کروڑ ریٹرنس کے مقابل نمایاں طور پر زیادہ ہیں۔ ایک علحدہ جواب میں گنگوار نے کہا کہ 31 جنوری کو شروع کردہ ’ آپریشن کلین منی‘ کے پہلے مرحلہ کے دوران تقریباً 18 لاکھ اشخاص کی نشاندہی کی گئی جن کے رقمی لین دین اُن کے ٹیکس ریٹرنس سے میل نہیں کھاتے۔ لگ بھگ 2.89 لاکھ کروڑ کے کیاش ڈپازٹ سے متعلق چھان بین پر 13.33لاکھ کھاتوں پر9.27لاکھ جوابات وصول ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT