Thursday , August 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / گلبرگہ کا جلوس میلاد النبیؐ، ملک میں مثالی جلوس

گلبرگہ کا جلوس میلاد النبیؐ، ملک میں مثالی جلوس

گلبرگہ میں محفل نور بھری رات سے ڈاکٹر قمر الاسلام، حافظ فرقان رضا قادری و دیگر کا خطاب
گلبرگہ11؍دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز): مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ کے زیر اہتمام 10؍دسمبر کی شب مسلم چوک گلبرگہ پر محفل میلاد مصطفی ﷺ کی شان میں ’’نور بھری رات‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس تقریب کی نگرانی الحاج ڈاکٹر قمرالاسلام  صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ و سابق ریاستی وزیر حکومت کرناٹک، رکن اسمبلی گلبرگہ شمال نے کی۔ اُنہوں نے حافظ فرقان رضا قادری جنوبی آفریقہ جو عالمی شہرت یافتہ ثنا خواں ہیں کے دوسری مرتبہ گلبرگہ تشریف لانے پر محترم کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہر گلبرگہ میں مسلسل 39ویں جلوس و جلسہ میلاد النبیﷺ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارے ملک کے لئے ایک عظیم مثال ہے ۔یوں تو ملک میں کئی جلسے اور جلوس منعقد کئے گئے لیکن بیشتر انتشار اور بد نظمی کا شکار ہو کر اپنا سلسلہ جاری نہ رکھ سکے۔ الحاج قمرالاسلام نے کہا کہ سرزمین گلبرگہ کی اس تاریخی ، ہندو مسلم بھائی چارگی کی تہذیب رکھتے ہوئے شہر سے گذشتہ38برسوں کے دوران فقید المثالی جلوس و جلسہ میلاد النبیﷺ گلبرگہ شریف میں منعقد کئے گئے ۔ اب یہ39واں جلوس و جلسہ میلاد النبیﷺ بھی الحمدللہ نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے 500اور ہزار روپئے کے نوٹوں کی منسوخی کا بھی اس پروگرام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ حافظ فرقان رضا قادری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے سارے دنیا میں21ممالک کا دورہ کیا جن میں ہندوستان، بنگلہ دیش، پاکستان، دبئی، برطانیہ، اسکاٹ لینڈ، زمبابوے، جنوبی آفریقہ وغیرہ شامل ہیں ۔ ان تمام ممالک میں انہوں نے نعت شریف کے کامیاب پروگرام پیش کئے ہیں ۔ جناب حافظ فرقان رضا قادری نے اس موقع پر اپنے مخصوص انداز میں نعت شریف پڑھنا شروع کیا تو لوگوں پر وجد طاری ہونے لگا۔ بیچ بیچ میں لوگ اٹھ کر نعرۂ تکبیر بلند کر رہے تھے ۔ ہزاروں لوگوں پر روحانی کیفیت طاری ہوگئی تھی ۔ حافظ قاری الحاج اسد اللہ صاحب کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ حضرت مولانا افضل برکاتی صاحب مبلغ سنی دعوت اسلامی نے اپنے خطاب میں عید میلاد النبیﷺ کی اہمیت او طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے جلوس و جلسہ عید میلاد النبیﷺ میں زیادہ سے زیاہ تعداد میں شرکت کرنے کی مسلمانان سے اپیل کی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نائب صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ سابق چیرمین گلبرگہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے شرکت کی ۔ جناب عبدالرحیم مرچی سیٹھ جنرل سیکریٹری مرکزی سیرت کمیٹی کے علاوہ اہل سنت و الجماعت کے شباہ محمد منہاج الدین بادی چشتی القادری متولی درگاہ حضرت لنگوٹ بند ؒ اس جلسہ میں شریک تھے ۔ مرزا انور بیگ رضا اسلامک فائونڈیشن گلبرگہ نے اس مبارک محفل کے انعقاد پر کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر جمعیت اہل سنت کی جانب سے ڈاکٹر الحاج قمرالاسلام صاحب کو آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا رکن منتخب کئے جانے پر مولانا افضل برکاتی نے گلپوشی کی اور تہنیت پیش کی ۔

TOPPOPULARRECENT