Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / گلبرگ سوسائٹی کیس کے مجرم کی خود سپردگی

گلبرگ سوسائٹی کیس کے مجرم کی خود سپردگی

احمد آباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : گلبرگ سوسائٹی قتل عام کیس 2002 میں سزاء یافتہ ایک ملزم جو کہ گذشتہ سال دسمبر میں عارضی ضمانت پر رہائی کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا ۔ آج اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم کی خصوصی عدالت میں خودسپردگی اختیار کرلی ۔ کیلاش دھوبی ، قتل اور دیگر جرائم کے الزام میں 11 سزاء یافتگان میں شامل ہے اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے گلبرگ سوسائٹی کیس میں ملزم نمبر ایک قرار دیا تھا ۔ اس قتل عام میں 69 افراد بشمول سابق کانگریس ایم پی احسان جعفری کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا ۔ اسپیشل پبلک پراسیکوٹر آر کوڈیکر نے بتایا کہ ضمانت پر رہائی کے بعد کیلاش دھوبی گرفتاری سے بچنے کی کوشش میں تھا ۔ وہ ملزمین کی فہرست میں نمبر 1 تھا جب کہ قتل اور دیگر جرائم میں سزاء یافتہ تھا ۔ اس نے آج اسپیشل SIT جج پی جی دیسائی کے روبرو خود سپردگی اختیار کرلی ۔ دریں اثناء خصوصی عدالت نے آج کہا ہے کہ گلبرگ سوسائٹی قتل عام کیس میں 24 مجرمین کے خلاف سزاء کی نوعیت اور حجم کے بارے میں جمعہ کے دن اعلان کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ کیلاش دھوبی کو 2002 میں گرفتار کیا گیا تھا اور تقریبا 14 سال جیل میں گذارنے کے بعد گذشتہ سال دسمبر میں خرابی صحت کی بناء ہائی کورٹ نے عارضی ضمانت منظور کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT