Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / گلوبل انٹرپرینر شپ سمٹ 2017 حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ

گلوبل انٹرپرینر شپ سمٹ 2017 حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ

عالمی سطح کے سرکردہ تجار کی شرکت ، مرکزی و ریاستی حکومتوں سے تیاریاں
محمد مبشر الدین خرم
حیدرآباد۔24جولائی ۔گلوبل انٹرپیونر شپ سمٹ 2017 حیدرآباد میں منعقد ہوگا اور اس سمٹ میں عالمی قائدین کی کے علاوہ عالمی سطح کے سرکردہ تاجرین اس سہ روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق تاجرین کے اس چوٹی کے اجلاس کا شہر حیدرآباد میں 28تا30نومبر انعقاد عمل میں آئے گا اور اس اجلاس میں ملک و بیرون ملک کی سرکردہ تجارتی کمپنیوں کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس کے سلسلہ میں مرکزی و ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریوں کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے لیکن تاحال حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن مدعوین کی فہرستوں کی تیاری اور دیگر ممالک بالخصوص امریکہ سے تعلق رکھنے والے تجارتی اداروں کے سربراہان کو مدعو کرنے کے سلسلہ میں مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے جا رہی اس کانفرنس میں امریکی صدر مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گی کیونکہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورۂ امریکہ کے دوران ہی انہوں نے اس سہ روزہ اجلاس میں ایوانکا ٹرمپ کو مدعو کیا ہے اور اس دعوت نامہ کو امریکی صدر کی دختر ایوانکا ٹرمپ نے قبول بھی کرلیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ایوانکا ٹرمپ کے اس اجلاس میں شرکت کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر صیانتی انتظامات کئے جائیں گے اور شہر میں منعقدہونے والے اس اجلاس کے لئے شہر کی بیشتر سرکردہ ہوٹلوں کو مندوبین کے لئے بک کروالیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر جو کہ خود بھی ایک تجارتی ادارہ کی سربراہ ہیں وہ بحیثیت تاجر اس اجلاس میں شرکت کریں گی۔ شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے اس سہ روزہ اجلاس کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر میں تمام سڑکوںکو بہتر بنانے کے علاوہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے مزید اقدامات کو جلد منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں گلوبل آنٹرپیونرشپ سمٹ 2017کے انعقاد سے ریاستی حکومت ریاست میں سرمایہ کا ری کے مواقع کو پیش کرنے کا کوئی موقع گنوانا نہیں چاہتی بلکہ وہ ریاست میں تجارتی سرگرمیوں کو بہتر بنانے اور ریاستی حکومت کی جانب سے تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے سرمایہ کارو ںاور صنعتکاروں کو تلنگانہ کی جانب متوجہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ریاستی حکومت کے اعلی عہدیدار نے بتایا کہ ریاستی حکومت اجلاس میں شرکت کرنے والے 3000 سے زائد مندوبین کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ انہیں شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں موجود تجارتی و صنعتی مواقع سے واقف کروائے گی۔مرکزی حکومت کے ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی انجام دیں گے اور سمٹ کے شرکاء کو حکومت کی ’اسٹارٹ اپ انڈیا‘ اسکیم سے واقف کروائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT