Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / گنبدان قطب شاہی کی یونیسکو فہرست میں شمولیت ایک اعزاز

گنبدان قطب شاہی کی یونیسکو فہرست میں شمولیت ایک اعزاز

تاریخی عمارتوں اور تہذیبی ورثہ کو ترقی دینے کے اقدامات ، ڈائرکٹر محکمہ آثار قدیمہ کا خطاب
حیدرآباد۔10جنوری(سیاست نیوز) گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو اور اس تاریخی عمارت کی بازیابی کے سبب یہ سیاحتی مقام یونیسکو کی فہرست میں شامل ہوا ہے اس سیاحتی مقام کی اس فہرست میں برقراری اور ترقی کیلئے ضروری ہے کہ گنبدان قطب شاہی تک پہنچنے والے راستوں کی کشادگی اور علاقوں کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ مسز وشالکشی نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے گنبدان قطب شاہی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیسکوکی فہرست میں گنبدان قطب شاہی کی شمولیت شہر حیدرآباد کیلئے اعزاز ہے اور اس اعزاز کی برقراری میں تمام محکمہ جات کو مکمل اشتراک سے خدمات کی انجام دہی کے ذریعہ بیرونی سیاحوں کیلئے پسندیدہ تاریخی تفریح گاہ بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں موجود تاریخی عمارتیں و تہذیبی روایات کے سبب شہر سیاحوں کی توجہ کا مرکز تھا اور اب گنبدان قطب شاہی کی یونیسکو کی فہرست میں شمولیت کے سبب اس شہر کو مزید اہمیت حاصل ہونے لگی ہے۔ مسز وشالکشی نے کہا کہ سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ کیلئے انہیں پاک و صاف ماحول کی فراہمی کے علاوہ انہیں سیاحتی مقامات تک پہنچنے کے عالمی معیار کے راستے فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے گندبدان قطب شاہی پہنچنے والی سڑکوں پر موجود ناجائز قبضہ جات کی فوری برخواستگی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سیاحوں پر شہری انتظامیہ کے بہتر اثرات ہوں گے۔اس اجلاس میں ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ اس کے اطراف موجود غیر مجاز اونچی عمارتوں کی برخواستگی کو بھی یقینی بنایا جائے کیونکہ ان عمارتوں کی وجہ سے تاریخی عمارتوں کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT