Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / گنبدان قطب شاہی کے احاطہ میں بلدی عہدیداروں کا اجلاس

گنبدان قطب شاہی کے احاطہ میں بلدی عہدیداروں کا اجلاس

کھلی فضا میں تفریحی ماحول کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ، فضول خرچی سے انحراف
حیدرآباد۔10جنوری (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی نے بلدی عہدیداروں کے اجلاس پر لاکھوں روپئے خرچ کرنے کی روایات سے انحراف کرتے ہوئے گنبدان قطب شاہی کے احاطہ میں عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا اور اجلاس میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کیا جانے والے 5روپئے میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے کھانے سے عہدیداروں کیلئے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے تفریحی مقام پر اجلاس کے انعقاد کے ذریعہ نہ صرف عہدیداروں کو تفریحی ماحول فراہم کیا بلکہ انہیں کام کے ساتھ کھلے ذہن سے بات چیت کا موقع بھی دیا گیا جس کے سبب عہدیداروں بھی اجلاس میں ہشاش نظر آئے۔ عام طور پر بلدی عہدیداروں کے اجلاس ہوٹلوں کے لانج اور ائیر کنڈیشن کمروں میں منعقد ہوا کرتے تھے لیکن اس مرتبہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے قدرتی ماحول میں اجلاس کے انعقاد کے ذریعہ نئی پہل کی ہے جسے تمام عہدیداروں کی حمایت حاصل ہو رہی ہے کیونکہ بند کمروں میں اجلاس کے بجائے کھلی فضاء میں کام کاج سے ذہنی تازگی بھی میسر آتی ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اجلاس کے دوران 5روپئے کے کھانے کی اسکیم کا کھانہ ظہرانہ میں دیئے جانے سے اسکیم کے کھانے کے معیار کا بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس اسکیم میں معیاری کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 5روپئے کی اسکیم کا ظہرانہ فراہم کرنے کا فیصلہ بھی اچانک کیا گیاتھا۔ عہدیداروں کے اس اجلاس کے دوران گنبدان قطب شاہی پہنچنے والے ایک برطانوی سیاح جوڑے نے بھی اجلاس میں اپنے خیالات پیش کئے ۔ عہدیداروں کی جانب سے استفسار پر جوڑے نے بتایا کہ وہ دوسری مرتبہ شہر حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں سابق میں وہ 1969میں حیدرآباد کا دورہ کرچکے ہیں لیکن اس مرتبہ شہر میں کافی تبدیلیاں اور صفائی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ برطانوی سیاح جوڑے نے شہر کی سڑکوں کو مزید توسیع دینے کی ضرورت ظاہر کی ۔ اجلاس میں جی ایچ ایم سی کمشنر‘ ایڈیشنل کمشنرس‘ زونل کمشنرس کے علاوہ دیگر محکمہ جاتی عہدیدار موجود تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT