Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / گندم گوڑہ میں مسجد کی تعمیر کے لیے حکومت کی اجازت

گندم گوڑہ میں مسجد کی تعمیر کے لیے حکومت کی اجازت

مقامی مسلمانوں کی تین سال سے جاری کوشش کامیاب
جناب زاہد علی خاں اور عزیز پاشاہ ایم پی سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کو مسلم اکثریتی علاقہ تصور کیا جاتا ہے ۔ فرقہ پرستوں کی نظر میں یہ مسجدوں اور میناروںکا شہر ہے لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کئی ایسے مضافاتی علاقے ہیں جہاں مسلم آبادی کے باوجود مساجد نہیں ہیں ۔ وہاں کے مسلمانوں کو نماز پنجگانہ اور نماز جمعہ و عیدین کی نمازوں کے لیے اپنی بستیوں سے ڈھائی تا تین کلومیٹر فاصلے پر جانا پڑتا ہے ۔ ایسا ہی ایک علاقہ پیران چیرو گنڈی پیٹ منڈل کا گندم گوڑہ ہے جہاں کی آبادی 5000 تا 6000 نفوس پر مشتمل ہے جن میں ایک ہزار سے زائد مسلمان ہیں ( گندم گوڑہ میں مسلمانوں کے زائد از 400 مکانات ہیں) ، گندم گوڑہ مسلم ویلفیر اسوسی ایشن نے وہاں مسجد کی تعمیر کے لیے تین چار برسوں سے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا ۔ مقامی سرپنچ مالتی ناگراج نے بھی مقامی مسلمانوں کے لیے مسجد کی تعمیر کی تائید کی لیکن اس معاملہ میں وقف بورڈ سے کافی مسائل درپیش تھے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی ہدایت پر دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی کے صدر جناب عثمان بن محمد الہاجری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ریاستی وقف بورڈ ، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب عمر جلیل سے نمائندگی کی اور انہیں بتایا کہ گندم گوڑہ کے پاس مسجد نہ ہونے کے باعث مقامی مسلمانوں کو نمازوں کی ادائیگی کے لیے بہت دور جانا پڑرہا ہے ۔ اس مسئلہ پر سی پی آئی کے سابق رکن پارلیمنٹ عزیز پاشاہ نے بھی حکام کو بار بار توجہ دلائی ۔ چنانچہ چیف ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ نے مسجد کی تعمیر کے لیے پروسیڈنگ جاری کی جس میں سروے نمبر 81 موقوعہ گندم گوڑہ کی 400 مربع گز اراضی پر مسجد تعمیر کرنے کی اجازت دئیے جانے سے متعلق آگاہ کیا گیا ۔ اس پروسیڈنگ میں مزید بتایا گیا کہ گندم گوڑہ مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر نے ایک درخواست پیش کی تھی ۔ جس میں مسجد تعمیر کئے جانے کے مقام کی نشاندہی کرتے ہوئے بورڈ سے اراضی پر تعمیر مسجد کی اجازت طلب کی تھی ۔ اجازت کے حصول کے ساتھ گندم گوڑہ مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کے ایک وفد نے جناب عثمان الہاجری کی قیادت میں جناب زاہد علی خاں اور جناب عزیز پاشاہ سابق ایم پی سے ملاقات کر کے اظہار تشکر کیا ۔ گندم گوڑہ مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر نعمان احمد خاں ، سید خواجہ وارڈ کمیٹی ممبر ، محمد امین وارڈ ممبر ، محمد اکبر وارڈ ممبر ، سید جہانگیر ، سید مصطفی ، سید رحیم حسین ، سید چاند پاشاہ نائب صدر گندم گوڑہ مسلم ویلفیر اسوسی ایشن نے جناب عمر جلیل اور سی ای او وقف بورڈ جناب محمد اسد اللہ سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ یاد رہے کہ مسجد کی تعمیر کے لیے جدوجہد کرنے والے جناب سید خواجہ کے خلاف ریونیو ڈپارٹمنٹ نے مقدمات درج کروائے اس کے باوجود انہوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی ۔۔

TOPPOPULARRECENT