Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / گنیش ایستادگی کیلئے سڑکوں کی کھدائی پر اعتراض

گنیش ایستادگی کیلئے سڑکوں کی کھدائی پر اعتراض

فلم ہیروئن منچولکشمی کا وزیربلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو ٹوئیٹ

حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) تلگو فلموں کی ہیروئن منچولکشمی نے شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر گنیش پنڈال کیلئے سڑکوں کو کھود دینے بڑے قد کی گنیش مورتیوں کے منتقلی کیلئے برقی تار کاٹ دینے اور سڑکوں کے درمیان خیرمقدمی کمانیں لگانے پر سخت اعتراض کیا اور ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر فلم نگر روڈ نمبر 1 کی تصویر شیر کی اور ایک عام شہری کی حیثیت سے کے ٹی آر سے سوال کیا کہ جو بھی نقصانات ہوئے ہیں اس کے ذمہ دار کون ہیں؟ تلگو فلموں کے بزرگ اوکار موہن بابو کی دختر منچولکشمی ہر مسئلہ پر اپنا موقف بے باکی کے ساتھ پیش کرنے کیلئے شہرت رکھتی ہیں۔ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران فلم انڈسٹری کو ہونے والے نقصانات پر آواز اٹھاتے ہوئے ٹی آر ایس قائدین کی تنقیدوں کا نشانہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے وزیر بلدی نظم و نسق کو ٹوئیٹ کیا ہیکہ گنیش تہوار جذبہ بھکتی کیلئے نہیں بلکہ ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے منایا جارہا ہے۔ یہ معاملہ صرف فلم نگر تک محدود نہیں ہے بلکہ شہر کے تمام مقامات پر ایک جیسی صورتحال ہے۔ بھکتی کیلئے ایک علاقہ میں ایک گنیش مورتی بٹھانا کافی ہے۔ جگہ جگہ گنیش مورتیاں سڑکوں پر بٹھا دینے سے سڑکوں کو کھود دیا جارہا ہے۔ اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا بے حد ضروری ہے۔ ایک علاقہ میں ایک گنیش مورتی بٹھانے سے آپس میں اتحاد پیدا ہوتا ہے اور عوام میں مل جل کر تہوار منانے کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔ یہی نہیں کئی مقامات پر بڑے قد کے گنیش مورتیوں کو منتقل کرنے کیلئے برقی تار کاٹتے ہوئے انہیں ادھورا چھوڑا جارہا ہے اور سڑکوں پر بڑی بڑی خیرمقدمی کمانیں تنصیب کرنے سے ٹریفک مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ عوامی مسائل کو وہ کے ٹی آر سے رجوع کررہی ہیں اور امید کرتی ہیکہ آئندہ سال سے گنیش منڈپوں کے قیام میں احتیاطی اقدامات کئے جائیں گے۔ عوام کو پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ اس کے علاوہ آئندہ سال گنیش مورتی کے قد کا پیمانے کا بھی تعین کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ صاف صفائی کا خیال رکھنا تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے۔ مٹی گنیش کا عوام میں رجحان بڑھنے کا بھی منچولکشمی نے خیرمقدم کیا۔

 

TOPPOPULARRECENT