Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / گنیش جلوس کے راستوں پر کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت

گنیش جلوس کے راستوں پر کاموں کی جلد تکمیل کی ہدایت

نیکلس روڈ پر سخت چوکسی برتنے پر زور ۔ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کا اجلاس
حیدرآباد5 اگسٹ ( این ایس ایس ) مجوزہ گنیش تہوار کے پیش نظر کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی کہ گنیش جلوس گذرنے کے اہم راستوں پر مرمت کے کام انجام دئے جائیں۔ انہوں نے گنیش جلوس کے راستوں پر صفائی اور ایل ای ڈی روشنی فراہم کرنے کے مقصد سے گنیش ایکشن ٹیمیں تشکیل دینے پر بھی زور دیا ۔ کمشنر بلدیہ نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ نیکلس روڈ پر سخت نگرانی کیلئے اور این ٹی آر گارڈن کے قریب سڑک پر پائے گئے کھڈ کے اطراف رکاوٹیں پیدا کرنے کیلئے خصوصی ایکشن پلان تیار کیا جائے ۔ گذشتہ سال یہ کھڈ پایا گیا تھا اور اس بار اس کی وجہ سے عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے اقدامات پر زور دیا گیا ۔ آج متعلقہ محکمہ جات کا یہ اجلاس کمشنر پولیس کے دفتر میں منعقد ہوا جہاں ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے علاوہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی ‘ ایچ ایم ڈی اے کے کمشنر چرنجیوولو ‘ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کے مینیجنگ ڈائرکٹر دانا کشور ‘ ای پی ٹی آر آئی کے سکریٹری کلیان چکرورتی ‘ اڈیشنل کمشنر ( ٹریفک ) رویندر ‘ جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد پرشانتی اور مختلف محکمہ جات کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کمشنر بلدیہ نے کہا کہ ضلع کلکٹرس اور متعلقہ شعبوں کے ساتھ فیلڈ سروے کے ذریعہ شہر کے مختلف مقامات پر کچرا ڈالنے کے متبادل مقامات کا پتہ چلایا جانا چاہئے ۔ شہر میں آلودگی اور دوسری مشکلات سے بچنے کیلئے ایسا ضروری ہے کیونکہ یہ بارش کا موسم ہے ۔ وارٹر ورکس کے ایم ڈی دانا کشور نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو احکام جاری کردئے گئے ہیں کہ وہ تمام متعلقہ کاموں کو اندرون ایک ہفتہ مکمل کریں۔ تمام کاموں کو مرحلہ وار انداز میں ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جانا چاہئے ۔ کلیان چکرورتی نے کہا کہ میدک ‘ میڑچل ‘ رنگا ریڈی اور نلگنڈہ اضلاع میںکچرا ڈالنے کے کچھ متبادل مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ حیدرآباد میٹرو رن کے تعلق سے بھی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا جس کا 20 اگسٹ کو انعقاد عمل میں آنے والا ہے ۔ کمشنر بلدیہ نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں تعاون کریں اور ٹریفک قوانین اور صبح کی اولین ساعتوں میں بہتر روشنی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ کمشنر پولیس مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام اہم جنکشنوں پر روڈ مارکنگ ‘ نشان لگانے ‘ اسپیڈ بریکس ڈالنے وغیرہ جیسے کاموں کو جلد مکمل کرلیں۔ انہوں نے انجینئرنگ ونگ کے زونل کمشنران ‘ ڈپٹی کمشنران اور سینئر عہدیداروں کو تمام کام ترجیحی بنیادوں پر کریں۔

TOPPOPULARRECENT