Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / گواسکر کا 45 سالہ ریکارڈمحفوظ

گواسکر کا 45 سالہ ریکارڈمحفوظ

چینائی، 19دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عظیم اوپنر سنیل گواسکر کا ایک سیریز میں سب سے زیادہ 774 رنز بنانے کا 45 سال پرانا ریکارڈ محفوظ رہ گیا۔ چینائی میں پانچویں اور آخری ٹسٹ میں امید تھی کہ ہندستانی کپتان ویراٹ کوہلی طویل اننگز کھیل کر گواسکر کے ریکارڈ کو توڑ دیں گے ، لیکن ویراٹ پہلی اننگز میں 15 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور اب ان کے دوسری اننگز میں بلے بازی کرنے کی نوبت نہیں آنی ہے ۔ ہندستان نے پہلی اننگز میں 700 سے زیادہ کا بڑا اسکور بنا لیا ہے اور انگلینڈ کو اب یہ میچ بچانے کیلئے کھیلنا ہے ۔اس ٹسٹ کی موجودہ صورت حال کے بعد ویراٹ کے اس سیریز میں پانچ میچوں میں 109.16کی اوسط سے 655 رنز رہ گئے ۔ویراٹ کو گواسکر کا یہ ریکارڈ توڑنے کیلئے اگلی کسی سیریز کا انتظار کرنا ہوگا۔ گواسکر نے 1970-71ء میں اپنی پہلی ہی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی زمین پر 774 رنز بنانے کا جو ریکارڈ بنایا تھا وہ آج تک قائم ہے۔ ہندستانی ٹسٹ تاریخ میں گواسکر واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو بار ایک سیریز میں 700 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ نئی ہندستانی رنز مشین ویراٹ کے پاس آخری ٹسٹ میں گواسکر کا ریکارڈ توڑنے کا مکمل موقع تھا لیکن وہ اس سے چوک گئے ۔ممبئی میں چوتھے ٹسٹ میں اپنے کریئر کی بہترین 235 رنز کی اننگز کھیلنے والے ویراٹ چینائی ٹسٹ سے پہلے تک 640رنز بنا چکے تھے اور انہیں گواسکر کے 45 سال پرانا ریکارڈ توڑنے کیلئے 135رنز کی ضرورت تھی۔

TOPPOPULARRECENT