Sunday , August 20 2017
Home / دنیا / گوانتاناموبے جیل سے رہا پانچ یمنی قیدی یو اے ای روانہ

گوانتاناموبے جیل سے رہا پانچ یمنی قیدی یو اے ای روانہ

میامی ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پنٹگان کے ایک بیان کے مطابق بدنام زمانہ گوانتاناموبے جیل کے پانچ قیدیوں کو 13 سال کی طویل قید کے بعد آج رہا کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات روانہ کردیا گیا۔ ان پانچوں قیدیوں کا تعلق یمن سے ہے اور امریکہ کے اس فیصلہ کے بعد کہ اب یہ پانچوں افراد امریکہ کیلئے کوئی خطرہ نہیں، لہٰذا انہیں یو اے ای روانہ کردیا گیا اور حکومت نے ان کی بازآباد کاری کیلئے انہیں قبول بھی کرلیا۔ پانچ قیدیوں کی رہائی کے بعد گوانتاناموبے جیل میں قیدیوں کی تعداد اب صرف 107 تک محدود ہوگئی ہے۔ قید سے رہائی کے بعد یو اے ای آنے والے قیدیوںکی علی احمد محمد الرضیحی، خالد عبدالجبار محمد عثمان القدسی، عادل سعید الحاج عبید، سلیمان عود بن عقیل النہدی اور فہمی السعید کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ان پانچوں کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب امریکہ میں 9/11 حملوں کے بعد امریکہ نے افغانستان پر حملہ کردیا تھا اور یہ تمام قیدی اس وقت فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے حالانکہ ان کے خلاف فوجداری کا کوئی معاملہ درج نہیں کیا گیا تھا اس کے باوجود بھی انہیں ممکنہ دشمن کے طور پر قید رکھا گیا تھا۔ امریکہ نے انہیں یمن روانہ کرنا مناسب نہیں سمجھا کیونکہ فی الحال یمن میں خانہ جنگی اور سعودی کی قیادت میں جاری حملوں کے باعث یمن اس موقف میں نہیں ہے کہ وہ ان پانچوں قیدیوں کی بازآباد کاری کرسکے۔

TOPPOPULARRECENT