Friday , August 18 2017
Home / دنیا / گوانتانامو بے سے 17 قیدیوں کی ’منتقلی‘ کا امریکی منصوبہ

گوانتانامو بے سے 17 قیدیوں کی ’منتقلی‘ کا امریکی منصوبہ

واشنگٹن ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ دفاع نے آنے والے دنوں میں گوانتانامو کے حراستی مرکز سے 17 قیدیوں کی منتقلی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس منتقلی کے بعد وہاں قید افراد کی تعداد 90 رہ جائے گی جن میں سے بیشتر کی منتقلی کی منظوری دی جا چکی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیرِ دفاع ایشٹن کارٹر ان 17 افراد کی منتقلی کے بارے میں کانگریس کو پہلے ہی بتا چکے ہیں۔ 2007 کے بعد ایک ماہ میں اس متنازعہ جیل سے منتقل کیے جانے والے قیدیوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہوگی۔ یہ قید خانہ ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ کے آغاز کے بعد 2002 میں قائم کیا گیا تھا اور یہاں پر ایسے افراد کو قید کیا جاتا تھا جنھیں امریکی حکام ’دشمن جنگجو‘ قرار دیتے تھے۔ گوانتانامو میں پہلی مرتبہ 11 جنوری 2002 کو 20 قیدی لائے گئے اور اس کے بعد سے اب تک یہاں کل 780 افراد قید کیے جا چکے ہیں جن میں سے بیشتر پر نہ تو کوئی الزام عائد کیا گیا اور نہ ہی مقدمہ چلا۔ ان قیدیوں کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے تھا اور حال ہی میں یہاں سے آخری برطانوی قیدی 46 سالہ سعودی نژاد شاکر عامر کی رہائی بھی عمل میں آئی ہے جو 13 برس قید کاٹنے کے بعد برطانیہ پہنچا ہے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کے ایک سینیئر اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہم نے17 (قیدیوں) کیلئے گھر تلاش کر لیے ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ متعدد ممالک ان قیدیوں کو بسانے کیلئے تیار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT