Sunday , August 20 2017
Home / دنیا / گوانتانامو سے دو یمنی قیدیوں کی رہائی

گوانتانامو سے دو یمنی قیدیوں کی رہائی

واشنگٹن ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ دفاع حکام کا کہنا ہے کہ کیوبا میں خلیج گوانتانامو کے متنازعہ حراستی مرکز سے مزید دو قیدیوں کو افریقی ملک گھانا منتقل کر دیا گیا ہے۔ اب تک 50 سے زائد ممالک گوانتانامو سے رہائی پانے والے قیدیوں کو پناہ دے چکے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی قیدی اس مغربی افریقی ملک بھیجا گیا ہے۔ گھانا منتقل کیے جانے والے قیدیوں کا تعلق یمن سے بتایا گیا ہے اور وہ ایک دہائی سے زیادہ قید رہے تاہم اس دوران ان پر کوئی مقدمہ نہیں چلایا گیا۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ خالد الدھبی اور محمود عمر بن عاطف کی رہائی کی منظوری بالترتیب 2006 اور 2009 میں دی گئی تھی۔ گھانا کے وزیرِ خارجہ ہانا تیتیہ نے کہا ہے کہ حکومت نے سکیورٹی کلیئرنس کی صورت میں انھیں دو برس تک ملک میں رہنے کی اجازت دی ہے۔ فوجی ریکارڈ کے مطابق 1979 میں سعودی عرب میں پیدا ہونے والے محمد عمر بن عاطف کو 2001 میں افغانستان میں شمالی اتحاد کے فوجیوں نے گرفتار کرکے امریکہ کے حوالے کیا تھا۔ ان کے امریکی وکیل جارج کلارک کے مطابق محمد ایک ’ذہین شخص‘ ہے اور وہ رہائی کے بعد نوکری کرنا اور شادی کرنا چاہتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT