Wednesday , March 29 2017
Home / Top Stories / گوا ،منی پور میں گورنرس کے ذریعہ تشکیل حکومت کا الزام : کانگریس

گوا ،منی پور میں گورنرس کے ذریعہ تشکیل حکومت کا الزام : کانگریس

سپریم کورٹ کے حکم التواء کے انکار کے بعد گوا میں حلف برداری ، منی پور میں آج تشکیل حکومت کا امکان
نئی دہلی۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس اور بی جے پی میں آج گوا اور منی پور میں بی جے پی حکومت کے تشکیل کے سلسلے میں زبانی تکرار کا آغاز ہوگیا۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ ابھیشیک منو سنگھوی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ گورنرس کے ذریعہ منی پور اور گوا میں حکومت تشکیل دے رہی ہے۔ اس نے پیسہ کے زور پر عوام کے عطا کئے ہوئے اختیارات کا سرقہ کرلیا ہے۔ بی جے پی نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ دریں اثناء میں گوا میں منوہر پاریکر زیرقیادت حکومت کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔ کابینہ میں نئے اور پرانے دونوں چہروں کو شامل کیا گیا جبکہ منی پور میں بی جے پی زیرقیادت کابینہ کی تقریب حلف برداری آج مقرر ہے۔ گورنر منی پور نجمہ ہبت اللہ نے بی جے پی کو درکار اکثریت حاصل ہونے کا ادعا کرتے ہوئے اسے حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ایوان میں اکثریت ثابت کرتے وقت تعداد ان کی تائید میں ہوگی۔ سپریم کورٹ نے گوا اسمبلی کے ایوان میں جمعرات کے دن اکثریت ثابت کرنے کی مہلت دی ہے۔ کانگریس پارٹی نے سپریم کورٹ میں بھی درخواست پیش کی تھی کہ منوہر پاریکر کی تقریب حلف برداری پر حکم التواء جاری کیا جائے لیکن سپریم کورٹ نے اس میں مداخلت سے انکار کردیا۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے فیس بُک پر ایک پیغام شائع کرتے ہوئے بی جے پی پر الزام کہ اس نے گوا میں عوام کے عطا کردہ اختیارات کا پیسہ کے زور پر سرقہ کیا ہے، بے بنیاد ہے۔ کانگریس نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کو چاہئے تھا کہ سب سے بڑی واحد پارٹی ہونے کی بناء پر کانگریس کو تشکیل حکومت کی دعوت دی جاتی۔ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد پہلی بار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ہماری بی جے پی کے ساتھ جنگ ہمارا نظریاتی حق ہے۔ بی جے پی نے منی پور اور گوا میں جو کچھ کیا ہے، وہی ان کا نظریہ ہے اور ہم ان کے خلاف جنگ کررہے ہیں۔ گورنر گوا پر جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس کے تشکیل حکومت کا دعویٰ پیش کرنے سے پہلے ہی گورنر نے بی جے پی کو تشکیل حکومت کی دعوت دے دی۔ پاناجی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس کے ارکان اسمبلی آج گورنر گوا سے ملاقات کی، تاہم اُن سے کوئی تیقن حاصل کرنے سے قاصر رہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT