Monday , April 24 2017
Home / Top Stories / گوا کی صورتحال کیلئے خود کانگریس قائدین ذمہ دار : ڈگ وجئے

گوا کی صورتحال کیلئے خود کانگریس قائدین ذمہ دار : ڈگ وجئے

’’میں نے ماقبل چناؤ علاقائی اتحاد کی تجویز رکھی تھی جسے مسترد کیا گیا‘‘

پاناجی ، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گوا چناؤ سے مابعد نتائج امور سے نمٹنے میں ناکامی پر تنقیدوں کے شکار اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ ماقبل انتخابات گوا فارورڈ کے ساتھ اتحاد کیلئے اُن کی تجویز کو خود ان کے پارٹی قائدین نے ’سبوتاج‘ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر گوا فارورڈ کے ساتھ اتحاد ہوجاتا تو کانگریس کو ریاست میں اکثریت مل گئی ہوتی اور اب انھیں ’’ویلن‘‘ بنانا مناسب نہیں ہے۔ ڈگ وجئے نے سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا: ’’حکمت عملی کے طور پر میں نے ببوش مونسراٹے زیرقیادت علاقائی جماعت اور وجئے سردیسائی کی پارٹی گوا فارورڈ کے ساتھ سکیولر اتحاد کی تجویز رکھی تھی۔ ببوش کے ساتھ ہمارا اتحاد ہوگیا اور ہم نے 5 میں سے 3 نشستیں جیتے لیکن گوا فارورڈ کے ساتھ ہمارا اتحاد خود ہمارے قائدین نے ہونے نہ دیا۔ افسوس!‘‘ کانگریس نے اتناسیو (ببوش) مونسراٹے کی یونائیٹیڈ گوان پارٹی کی پاناجی حلقہ میں حمایت کی اور اُن کے چار حامیوں کو ٹکٹ دیئے۔ ڈگ وجئے نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ گوا فارورڈ نے 4 سیٹوں پر چناؤ لڑتے ہوئے 3 جیتے۔ اگر گوا فارورڈ کے ساتھ ہمارا اتحاد طے ہوجاتا تو ہماری عددی طاقت 22 ہوجاتی۔ ’’پھر بھی ڈگ وجئے خاطی ہے؟ میں یہ فیصلہ آپ پر چھوڑتا ہوں۔‘‘

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT