Wednesday , July 26 2017
Home / شہر کی خبریں / گورنر کا خطبہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی کا آئینہ

گورنر کا خطبہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی کا آئینہ

اپوزیشن پر چراغ پا ہونے کا الزام، ٹی آر ایس ارکان کونسل کا ردعمل
حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل نے گورنر کے خطبہ کو ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی کا آئینہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن حقائق کو قبول کرنے کے بجائے سیاسی مفاد پرستی کے لئے حکومت پر تنقید برائے تنقید کرتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ٹی آر ایس کے ارکان بی وینکٹیشورلو، پی ستیش کمار، بھانو پرساد، بھوپال ریڈی، این لکشمن راؤ، بھوپت ریڈی، ایم ایس پربھاکر کے علاوہ دوسرے ارکان نے کہاکہ حکومت کے کارناموں کو گورنر نے اپنے خطبہ میں پیش کیا ہے۔ 30 فلاحی اسکیمات پر 35 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے تلنگانہ نے سارے ملک میں فلاحی اسٹیٹ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ہر طبقہ کے لئے ریزیڈنشیل اسکولس کا جال پھیلادیا گیا ہے۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت لاکھوں غریب لڑکیوں کی شادیوں میں فی کس 51 ہزار روپئے مالی امداد فراہم کی گئی۔ تنہا و بے سہارا خواتین کو آئندہ ماہ سے ایک ہزار روپئے معاوضہ دیا جارہا ہے۔ اسرا پنشن، شی ٹیمیں، برقی کی بلا وقفہ سربراہی، ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم وغیرہ جیسے منفرد اسکیمات پر عمل کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات سے انصاف کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی کارکردگی سارے ملک میں مثالی ہے۔ بزنس کے معاملے میں تلنگانہ کو سارے ملک میں سرفہرست آئی ٹی شعبہ کے معاملے میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ ریاست میں تقریباً 28 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مزید 12 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے لئے بہت جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ 20 ہزار کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات باقاعدہ بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور پُلوں کی تعمیر پر کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ آزادی کے بعد سے 2014 ء تک ریاست میں جنتا نیشنل ہائی وے بنایا گیا۔ صرف ڈھائی سال میں اتنا نیشنل ہائی وے بناتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ ہاسٹلس میں زیرتعلیم طلبہ کو باریک چاول دیا جارہا ہے۔ برقی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ بڑے پیمانے پر ریاست میں صنعتیں قائم ہورہی ہیں جس سے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ حکومت پر غیر ضروری اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتیں عوام میں اعتماد کھو رہی ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT