Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / گورکھا جن مکتی مورچہ کا ماؤسٹوں سے اتحاد

گورکھا جن مکتی مورچہ کا ماؤسٹوں سے اتحاد

خفیہ مسلح تحریک چلانے کی سازش ‘ اخباری نمائندوں سے سرکاری عہدیداروں کی شناخت خفیہ رکھنے کی شرط پر بات چیت
دارجلنگ ( مغربی بنگال ) ۔23جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) گورکھا جن مکتی مورچہ طویل مدتی خفیہ مسلح تحریک علحدہ ریاست گورکھا لینڈ کیلئے چلانے کی سازش کررہا ہے اور اس کیلئے اُس نے پڑوسی ممالک کے نکسلائٹس کی خدمات حاصل کی ہیں ۔ تاکہ اس کے کارکنوں کو کرایہ کے قاتلوں کی حیثیت سے تربیت دی جاسکے ۔ مغربی بنگال کے سینئر سرکاری عہدیدار کے بموجب اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل ( لاء اینڈ آرڈر ) انوج شرما نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہمیں محکمہ سراغ رسانی سے اطلاعات ملی ہیں کہ پڑوسی ممالک کے ماؤسٹوں کی خدمات گورکھا جن مکتی مورچہ نے حاصل کی ہیں ۔ انتظامیہ کے عہدیدار سنگین صورتحال کا اندازہ کرتے ہیں ‘ جی جے ایم کی قیادت نے تاہم اس اطلاع کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے ۔مورچہ کا کہنا ہے کہ اس الزام کا مقصد ماؤسٹوں کی مدد حاصل کرنا ہے ۔ مورچہ کے جنرل سکریٹری روشن گری نے کہا کہ یہ مکمل طور پر بے بنیاد بیانات ہیں ۔ یہ بیانات مورچہ کو بدنام کرنے کیلئے دیئے جارہے ہیں ۔ تاکہ جمہوری تحریک کو گمراہ کیا جاسکے ۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر کہا کہ مورچہ نے 25 تا 30 ماؤسٹ کرایہ کے قاتلوں کی خدمات اپنے کارکنوں کو تربیت دینے کیلئے حاصل کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مورچہ کے پاس ہتھیاروں اور گولہ بارود کا زبردست ذخیرہ ہے ۔ انہوں نے یہ اسلحہ گذشتہ چند سال کے دوران جمع کئے ہیں ۔ محکمہ سراغ رسانی کی اطلاعات کے بموجب مورچہ زیرزمین پوشیدہ مسلح تحریک پہاڑیوں میں چلانے کی تیاری کررہا ہے ۔

ایک اور سینئر عہدیدار نے کہاکہ حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور مسلح جدوجہد کا سامنا کرنے کے تمام اقدامات کئے جاچکے ہیں ۔ گذشتہ 38دن کے غیر معینہ مدت کے بند کے دوران کئی حملے پولیس اسٹیشنوں اور چوکیوں پر کئے جاچکے ہیں ۔ ہتھیار اور گولہ بارود بھی لوٹا گیا ہے ۔ یہ ماؤسٹ تحریک کی امتیازی خصوصیت ہے ۔ محکمہ سراغ رسانی کی اطلاعات کے بعد ریاستی حکومت نے کئی اعلیٰ سطحی آئی پی ایس عہدیدار بشمول جنہیں ماؤسٹوں کا مقابلہ کرنے کا اچھا تجربہ ہے اور وہ 2009 تا 2012ء مغربی بنگال کے جنگل محل کے علاقوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں ‘ حاصل کی گئی ہیں ۔ سینئر آئی پی ایس عہدیدار منوج ورما نے جنہیں مغربی مٹناپور میں 2009 تا 2011ء ماؤسٹوں کے مقابلہ کا تجربہ ہے ‘ آئی جی دارجلنگ مقرر کئے گئے ہیں ۔ انسداد دہشت گردی پوسٹ میں دیگر کئی درمیانی سطح کے عہدیدار تعینات کئے گئے ہیں ۔ انہیں صورتحال سے نمٹنے پہاڑی علاقوں کو روانہ کیا گیا ہے ۔ پولیس کے بموجب مورچہ اپنے کارکنوں کو بحالی امن تحریک کے نام سے تربیت دے رہا ہے ۔ اس تنظیم کا نام گورکھا لینڈ ارکان عملہ تحریک رکھا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT