Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / گوری لنکیش قتل : مجرموں کو انصاف کے کٹھہرے میں لانے امریکی تنظیم کا مطالبہ

گوری لنکیش قتل : مجرموں کو انصاف کے کٹھہرے میں لانے امریکی تنظیم کا مطالبہ

نئی دہلی 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صحافتی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنے والی امریکی کمیٹی برائے تحفظ جرنلسٹس (سی پی جے) نے ترقی پسند اور آزاد خیال خاتون جرنلسٹ گوری لنکیش کے قتل پر سخت افسوس و برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے خاطیوں کو جلد انصاف کے کٹھہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دنیا بھر کے صحافیوں کے تحفظ کیلئے امریکی شہر نیویارک سے سرگرم غیر سرکاری تنظیم سی پی جے کے ایشیائی پروگرام کوآرڈی نیٹر اسٹیوین بٹلر اور ایشیائی ریسرچ سے وابستہ عالیہ افتخار نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ’’کرناٹک پولیس پر ہم زور دیتے ہیں کہ گوری لنکیش کی ہلاکت کی جامع تحقیقات کی جائیں اور بالخصوص یہ پتہ چلایا جائے کہ ان کی صحافتی سرگرمیاں ہلاکت کے محرکات میں شامل تھیں۔ اسٹیوین بٹلر نے کہاکہ ہندوستان کو صحافیوں کی ہلاکتوں پر خاموشی و سرد مہری کے مسئلہ سے نمٹنے اور آزادیٔ صحافت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ سی پی جے کی تحقیق کے مطابق ہندوستان میں 1992 ء سے اب تک کم سے کم 27 صحافی اپنی صحافتی خدمات کی انجام دہی کے سبب قتل کا راست نشانہ بنے ہیں۔ سی پی جے کی فہرست میں ہندوستان دنیا بھر کے ایسے ملکوں میں 13 ویں مقام پر ہے جہاں صحافیوں کو قتل کیا جاتا ہے اور قاتل آزادی کے ساتھ گھومتے رہتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT