Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / گوشت کے تاجر معین قریشی حکام کو چکمہ دیکر دبئی روانہ

گوشت کے تاجر معین قریشی حکام کو چکمہ دیکر دبئی روانہ

نئی دہلی 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی سے تعلق رکھنے والے گوشت کے ایک متنازعہ ایکسپورٹر معین قریشی کو رقمی ہیر پھیر کے ایک مقدمہ میں آج اس شہر کے ایک ایرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا لیکن وہ حکام کو انکم ٹیکس کیس میں عدالتی حکمنامہ دکھاتے ہوئے ایمگریشن حکام کو چکمہ دے کر دبئی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جس کے نتیجہ میں متعلقہ عہدیدار حیرت و استعجاب کے ساتھ پشیمانی کا شکار ہوگئے۔ ایمیگریشن حکام نے اس لغزش کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ معین قریشی کو ان کے خلاف رقمی ہیر پھیر کے ایک کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے جاری کردہ لُک آؤٹ سرکیولر (ایل او سی) کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا تھا۔ محکمہ ایمیگریشن نے ای ڈی کو معین قریشی کی حراست کے بارے میں مطلع کیا ۔ انہوں (قریشی) نے فوری ایک عدالتی حکمنامہ پیش کردیا جس میں ان کے بیرونی سفر کیلئے پرواز پر کوئی پابندی نہیں تھی ۔ ایمیگریشن افسر نے عدالتی حکمنامہ کی صداقت اور تفصیلات کا بغور جائزہ لینے کے بعد انہیں دوبئی پرواز کرنے کی اجازت دی ۔ اس دوران ای ڈی کی ٹیم گوشت کے اس متنازعہ ایکسپورٹر کو اپنی تحویل میں لینے کیلئے ایرپورٹ پہونچی جہاں اس کو مطلع کیا گیا کہ عدالتی احکام کی بنیاد پر انہیں (قریشی کو) دبئی پرواز کرنے کی اجازت دیدی گئی ۔ بعد ازاں ایمیگریشن افسر نے اس حقیقت کو محسوس کرلیا کہ یہ عدالتی احکام ، ای ڈی مقدمہ کے ضمن میں نہیں بلکہ انکم ٹیکس کیس کے سلسلہ میں جاری کئے گئے تھے ۔ چنانچہ اس حکام نے اس لغزش کی تحقیقات کا حکم دیا ۔ ایرپورٹ عہدیداروں کے مطابق قریشی نے حکام سے کہا تھا کہ انہوں نے مچلکہ پیش کرتے ہوئے عدالت سے بیرونی سفر کی اجازت حاصل کی تھی ۔ حتی کہ انہیں (قریشی کو) ایرپورٹ پر ان کی ٹیم کی طرف سے روانہ کردہ ایک فیکس بھی موصول ہوا تھا ۔ ای ڈی کے ذرائع نے کہا کہ ایمیگریشن حکام سے ہم وہ تمام دستاویزات طلب کئے ہیں ۔ جن کی بنیادپر قریشی کو بیرونی سفر کی اجازت دی گئی ۔ ہمارے عہدیدار انہیں اپنی تحویل میں لینے کیلئے ایرپورٹ پہونچے تھے ۔ لیکن انہیں بیرون ملک پرواز کی اجازت دی جاچکی تھی ‘‘ ۔

TOPPOPULARRECENT