Thursday , September 21 2017
Home / سیاسیات / گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، لڑائی جاری رکھیں گے

گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، لڑائی جاری رکھیں گے

مودی حکومت اپوزیشن کو دانستہ نشانہ بنا رہی ہے : سونیا
نئی دہلی ، 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور ان کے فرزند راہول نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ان کے خلاف غلط اور بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں اور اپوزیشن کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کیلئے سرکاری ایجنسیوں کا بھرپور استعمال کررہے ہیں۔ سونیا اور راہول نے جو عدالت سے راست اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرز پہنچے، کہا کہ نیشنل ہیرالڈ کیس میں انھیں ضمانت حاصل ہوگئی ہے اور اس عہد کا اظہار کیا کہ وہ حکومت کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے بلکہ اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ سونیا نے میڈیا سے کہا کہ آج ہم صاف ضمیر کے ساتھ عدالت میں حاضر ہوئے۔ ہم نے وہی کیا جو قانون کے پابند کسی شہری کو کرنا چاہئے۔ ملک کا قانون بلاامتیاز سب کیلئے یکساں ہے۔ اور صرف سچائی کی جیت ہوتی ہے۔ قبل ازیں سونیا اور راہول کی عدالت میں حاضری سے قبل متعدد پارٹی قائدین بشمول غلام نبی آزاد، ملکارجن کھڑگے، آنند شرما اور رندیپ سنگھ سرجے والا نے میڈیا سے خطاب میں این ڈی اے حکومت بالخصوصی وزیراعظم مودی پر تنقید کی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ حکومت ’’عدیم النظیر‘‘ سطح کی انتقامی سیاست پر عمل پیرا ہے اور عرضی گزار سبرامنیم سوامی کو مودی کا ’’مکھوٹا‘‘ قرار دیا۔ کانگریس نے مدھیہ پردیش، کرناٹک، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش و دیگر ریاستوں میں آج احتجاج کیا۔

TOPPOPULARRECENT