Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / گیتا اندور روانہ ، رقم قبول کرنے سے ایدھی فاؤنڈیشن کا انکار

گیتا اندور روانہ ، رقم قبول کرنے سے ایدھی فاؤنڈیشن کا انکار

نئی دہلی ۔ 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سے ہندوستان واپسی کے ایک دن بعد بہری اور گونگی لڑکی گیتا آج اندور کیلئے روانہ ہوگئی جہاں وہ سماعت سے محروم افراد کے ادارہ میں اس وقت تک قیام کرے گی جب تک کہ حکومت اس کے والدین اور ارکان خاندان کا تعین نہ کرے۔ سماجی انصاف و بااختیاری کے وزیر تاورچند گہلوٹ نے ایرپورٹ پر گیتا کو رخصت کیا۔ اس کے ہمراہ اندور کے ادارہ کے عہدیدار بھی تھے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ گیتا اندور جاچکی ہے۔ قبل ازیں دن میں گیتا نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کی تھی۔ گیتا غلطی سے سرحد پار کرکے 10 سال قبل پاکستان پہنچ گئی تھی۔ اس کی کل وطن واپسی پر گرم جوش استقبال کیا گیا۔ تاہم وہ اپنے ارکان خاندان کو پہچاننے سے قاصر رہی جبکہ اس نے ابتداء میں ان کی تصویر دیکھ کر انہیں شناخت کرلیا تھا۔ وزیرخارجہ سشماسوراج نے کل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیتا نے مہاتو جوڑے کو جو بہار کا متوطن ہے، شناخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم نریندر مودی نے ایدھی فاؤنڈیشن کو گیتا کی دیکھ بھال کیلئے بطور اظہارتشکر ایک کروڑ روپئے کی خطیر رقم کا پیشکش کیا تھا تاہم ایدھی فاؤنڈیشن کے ارکان نے شکریہ کے ساتھ اس رقم کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

TOPPOPULARRECENT