Friday , May 26 2017
Home / شہر کی خبریں / گینگسٹر نعیم سے تعلقات کا نیا موڑ

گینگسٹر نعیم سے تعلقات کا نیا موڑ

اڈیشنل ڈی جی پی رینک کے موظف آئی پی ایس عہدیدار اچانک روپوش
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گینگسٹر نعیم کی تحقیقات میں ایک نیا موڑ آیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈی جی پی کے عہدے پر خدمات انجام دیتے ہوئے ریٹائرڈ ہونے والے ایک آئی پی ایس اچانک روپوش ہوگئے ہیں ۔ نعیم سے تعلقات رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر اراضی قبضے اور دوسرے غیر قانونی کاموں میں تعاون کرنے والے کئی بڑے عہدوں پر فائز و ریٹائرڈ پولیس عہدیدار سابق ڈی جی پی کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے بچنے کی کوشش کررہے ہیں اور دہلی سے بھی دباؤ ڈال رہے ہیں ۔ گینگسٹر نعیم سے ہاتھ ملاتے ہوئے غیر قانونی طور پر کروڑہا روپئے کمانے والے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں پر ایس آئی ٹی کی تحقیقات بجلی بن کر گر رہی ہے ۔ ایک ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈی جی پی جنہوں نے اسپیشل انٹلی جنس بیورو ( ایس آئی بی ) میں ڈھائی سال تک خدمات انجام دی ہے ۔ نکسلائٹس کی سرکوبی کے لیے گینگسٹر نعیم کے ساتھ مل کر کام کیا تھا اس دوران نعیم سے اتنی گہری دوستی ہوگئی تھی کہ نعیم کے تعاون سے اراضی معاملت ، قبضہ کرنے اور قبضے برخواست کرانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں کئی ایکڑ اراضی حاصل کیا ۔ نعیم کے کیس میں پیشرفت ہوتے ہی گرفتاری کے خوف سے روپوش ہوگئے ۔ نعیم کے مقدمہ میں معطل ہو کر تحقیقات کا سامنا کرنے والے پولیس ملازمین کے علاوہ دوسرے پولیس عہدیدار بچنے کی راہیں تلاش کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گینگسٹر نعیم نے ان سے تعاون کرنے والے ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار کو ضلع رنگاریڈی میں اراضیات شہر حیدرآباد میں بنگلے دینے کے علاوہ دہلی میں بھی ایک بنگلہ خرید کر دیا ہے ۔ ریٹائرڈ پولیس عہدیدار نے ساری چیزیں اپنے نام کرانے کے بجائے اپنے ہم زلف کے نام کرائے ہیں ۔ تحقیقات میں تمام واقعات منظر عام پر آنے سے بدنامی کے خوف سے روپوش ہوگئے ہیں ۔ نعیم کے تعاون سے بنجارہ ہلز پر 500 گز اراضی پر بنگلہ بھی تعمیر کیا ہے اور اس میں اپنے ارکان خاندان کو شوروم لگانے کی اجازت بھی دی ہے ۔ چند دن قبل ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے اس شوروم پر دھاوا بھی کیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نعیم کے ارکان خاندان کی ایک لڑکی کی شادی ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار کے ارکان خاندان میں ایک لڑکے سے ہوئی ہے ۔ وہ لڑکی کون ہے ابھی اس کی شناخت نہیں ہوئی ہے ۔ اس لڑکی کے نام پر شہر کے مضافاتی علاقہ میں 4 ایکڑ اراضی درج رجسٹر ہوئی ہے ۔ یہ اطلاعات گشت کررہی ہیں کہ اس ریٹائرڈ پولیس عہدیدار کے ہم زلف کے لڑکے سے نعیم کے ارکان خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کی شادی ہوئی ہے ۔ پوچھ تاچھ کے دوران نعیم کی شریک حیات نے اس کا انکشاف کیا ہے ۔ ایک سابق ڈی جی پی کے میدان میں کود پڑنے اور نعیم سے تعلقات رکھنے کے الزامات میں معطل ہوئے اور پوچھ تاچھ کا سامنا کرنے والے پولیس کی تائید کرنے پر تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی کے شکوک میں تقویت پیدا ہورہی ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ تحقیقات کا سامنا کرنے والے پولیس عہدیدار سابق ڈی جی پی پر دباؤ بنا رہے ہیں کہ وہ انہیں اس مصیبت سے بچائے ورنہ وہ ان کا بھی نام بھی بتا دیں گے ۔ جس پر سابق ڈی جی پی چیف منسٹر دفتر کے علاوہ دہلی سے ربط پیدا کرتے ہوئے تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT