Thursday , May 25 2017
Home / شہر کی خبریں / گینگسٹر نعیم سے سیاسی قائدین کے تعلقات پر چیف منسٹر سخت ناراض

گینگسٹر نعیم سے سیاسی قائدین کے تعلقات پر چیف منسٹر سخت ناراض

پولیس عہدیداروں اور سیاسی قائدین کی رپورٹ تیار کرلی گئی ، ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی و کونسل بھی ملوث
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گینگسٹر نعیم سے تعلقات رکھتے ہوئے اراضی معاملت اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہنے والے قائدین سے چیف منسٹر سخت ناراض ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ٹی آر ایس کے 7 قائدین کی نعیم سے مبینہ دوستی تھی اراضی معاملت کے علاوہ دوسری مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے پولیس ملازمین اور سیاسی قائدین کی سارے ثبوت کے ساتھ ایک رپورٹ تیار کر کے چیف منسٹر کو پیش کردی ہے ۔ جس کے بعد ہی 5 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا ۔ ان کے علاوہ مزید 20 تا 25 پولیس ملازمین کو محکمہ جاتی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ فہرست میں 7 اور 2 ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ 2 دوسرے قائدین بھی موجود ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ گینگسٹر نعیم کا انکاونٹر کرنے سے حکومت کو اچھا نام آیا ہے ۔ ہر طرف سے محکمہ پولیس کی ستائش ہورہی ہے ۔ تاہم اس معاملے میں ٹی آر ایس قائدین کے تار گینگسٹر نعیم کے ساتھ ملنے سے حکومت کی نیک نامی پر سوالیہ نشان بھی لگ رہا ہے ۔ لہذا چیف منسٹر اس مسئلہ پر غور کریں ۔ ذرائع نے بتایا کہ گینگسٹر نعیم سے تعلقات رکھنے والے ٹی آر ایس قائدین پر چیف منسٹر کے سی آر سخت ناراض ہیں ان کے خلاف کارروائی کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ جن قائدین پر الزامات ہیں وہ ماضی میں کانگریس کا حصہ تھے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد یہ قائدین ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد پولیس کی جانب سے ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا امکان ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر پولیس کی جانب سے سیاسی قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے جاتے ہیں تو انہیں پارٹی سے معطل کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے ۔ گینگسٹر نعیم کے انکاونٹر کے بعد ان سے تعلقات رکھتے ہوئے اراضیات تنازعات میں شامل رہنے والے سیاسی قائدین اور پولیس ملازمین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ۔ پولیس ملازمین اور سیاسی قائدین بچنے کے لیے سینئیر سیاسی قائدین اور سینئیر پولیس عہدیداروں سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT