Thursday , August 24 2017
Home / جرائم و حادثات / گینگسٹر نعیم کی غیر قانونی سرگرمیاں شہر کے مشہور بلڈر کی سرگرمیوں کی بھی تحقیقات

گینگسٹر نعیم کی غیر قانونی سرگرمیاں شہر کے مشہور بلڈر کی سرگرمیوں کی بھی تحقیقات

حیدرآباد  /21 اکٹوبر (سیاست نیوز) گینگسٹر نعیم کی غیرقانونی سرگرمیوں اور اراضی تنازعہ کی جبراً یکسوئی کے کئی معاملت ہنوز منظر عام پر آرہے ہیں ۔ تازہ پیشرفت میں سرور نگر پولیس نے شہر کے مشہور بلڈر کے خلاف گینگسٹر نعیم کی مدد سے اراضی معاملت میں ملوث ہوتے ہوئے ایک مذہبی مقام پر ناجائز قبضے کی کوشش کا پتہ چلا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ کیس حکومت کی جانب سے قائم ایس آئی ٹی کے حوالے کیا جائیگا تاکہ اس کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جاسکیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ گینگسٹر نعیم نے بنڈلہ گوڑہ میں سینکڑوں ایکڑاراضی معاملہ میں ملوث ہوکر مقامی عوام کو بھی خوفزدہ کیا تھا اور اس کا فائدہ اٹھا کر بلڈر نے بڑے پیمانے پر وینچر کے نام پر اراضی فروخت کرنے کا آغاز کردیا۔ سرور نگر پولیس نے ایف آئی آر جاری کرکے ایک بلڈر اور اسکے ساتھیوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا اور گینگسٹر نعیم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کیلئے تشکیل ایس آئی ٹی کو مطلع کیا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی سربراہ انسپکٹر جنرل وائی ناگی ریڈی نے سرور نگر پولیس کو کیس کی ابتدائی تحقیقات کے دوران تمام تفصیلات حاصل کرکے شواہد اکٹھا کرنے ہدایت جاری کی ۔ سرور نگر پولیس نے بنڈلہ گوڑہ اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں کا معائنہ کیا جس میں سروے نمبر 103 وغیرہ شامل ہے اور مقامی عوام سے بھی تفصیلات حاصل کی اور ان کے بیانات بھی قلمبند کئے ۔ ایک مذہبی مقام اراضی پر بھی گینگسٹر نعیم کی جانب سے قبضہ کی کوشش کے سلسلے میں بھی تمام تفصیلات اکٹھا کئے جارہے ہیں۔ ایس آئی ٹی اطلاعات کے بموجب مقامی سیاسی قائدین کی جانب سے جل پلی میں سینکڑوں ایکڑ وینچر میں نعیم اور اس کی ٹولی ملوث ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ واضح رہے کہ دو مسلم ارکان اسمبلی کے گینگسٹر نعیم سے تعلقات اور فون پر بات چیت کا ریکارڈ ایس آئی ٹی نے پہلے ہی حاصل کرلیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT