Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / گینگسٹر نعیم کے وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل اور آئی پی ایس عہدیداروں کیساتھ تعلقات

گینگسٹر نعیم کے وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل اور آئی پی ایس عہدیداروں کیساتھ تعلقات

سابقہ وزیر اور دیگر سیاسی قائدین سے رابطہ، پولیس کو دستیاب ڈائری سے حیرت انگیز انکشافات
حیدرآباد ۔ 15 اگست (سیاست نیوز) گینگسٹر نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد اس کی ڈائری کے حیرت انگیز انکشافات منظرعام پر آرہے ہیں۔ نعیم کے مجرمانہ سرگرمیوں کے نیٹ ورک میں 3 وزراء، 8 ارکان اسمبلی، 18 آئی پی ایس کے بشمول مختلف عہدوں کے 42 پولیس آفیسرس شامل ہونے کی اطلاعات جبکہ 4 ارکان قانون ساز کونسل بھی نعیم سے رابطے میں رہنے کی افواہ گشت کررہی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر کے سی آر نے اعلیٰ عہدیداروں سے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور خود بھی اس کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ نکسلائیٹ سے پولیس کا مخبر بن کر پولیس کی مدد سے غیرقانونی سرگرمیاں چلانے والے نعیم کے رابطے میں رہنے والے سیاستداں، پولیس عہدیداروں کے بارے میں چیف منسٹر نے مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں اور متاثرین کی شکایتوں پر خصوصی توجہ دینے کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ نلگنڈہ، رنگاریڈی، محبوب نگر اور ورنگل میں خدمات انجام دینے والے پولیس عہدیدار ریٹائرڈ عہدیدار اور سیاسی قائدین کے زیادہ نام شامل ہونے کی اطلاعات ہیں جس میں حکمران جماعت اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین بھی شامل ہیں۔ ماضی میں دوسری جماعتوں میں رہنے والے قائدین جو فی الحال ٹی آر ایس میں شامل ہیں، ان کی اکثریت زیادہ بتائی جاتی ہے۔ گینگسٹر نعیم کے تعاون سے ان قائدین نے نہ صرف اپنے سیاسی کیریئر کو فروغ دیا ہے بلکہ اراضیات اور رقمی لین دین کے معاملے میں بھی حصہ دار بنے ہیں، تین وزراء سے دو وزراء کا تعلق ماضی میں دوسری سیاسی جماعتوں سے رہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے ایک سابق وزیر سے بھی نعیم کے تعلقات رہنے کی اطلاع ہے جبکہ اس وزیر نے نعیم کے کئی غیرقانونی کاموں میں مدد کی ہے۔ کئی معاملات کی یکسوئی کرانے میں شامل ہے۔ نعیم کی سفارش پر اس کے ہمخیال پولیس عہدیداروں کا تبادلہ بھی کروایا ہے جبکہ 8 ارکان اسمبلی کا ڈائری میں تذکرہ شامل ہے جس میں ضلع نلگنڈہ سے ایک ضلع رنگاریڈی سے 3، ضلع ورنگل سے 2 اور حیدرآباد سے 2 شامل ہیں۔ اسی طرح 4 ارکان قانون ساز کونسل میں 2 ضلع نلگنڈہ اور 2 ضلع ورنگل سے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کو پیش کی گئی رپورٹ میں ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے 2 سابق وزراء کے بھی نام شامل ہیں۔ بڑے پیمانے پر معاملت کرنے والے ایک قائد نے اسمبلی حلقہ بھونگیر سے کئی مرتبہ مقابلہ کیاہے۔ تاہم کبھی کامیاب نہیں ہوئے۔ محکمہ پولیس میں مختلف عہدوں پر فائز 42 پولیس عہدیداروں کے گینگسٹر نعیم سے قریبی تعلقات تھے جن میں 18 آئی پی ایس عہدیدار بھی شامل ہیں۔ فی الحال 9 برسرخدمت ہیں۔ مابقی 9 ریٹائرڈ ہوچکے ہیں۔ نکسلائیٹس کی سرگرمیوں کو کچلنے کیلئے تشکیل دیئے گئے (ایس آئی بی) میں کام کرکے ریٹائرڈ ہونے والے ایس پی کیڈر کے 6 عہدیداروں کا مبینہ طور پر نعیم سے رابطہ تھا۔

TOPPOPULARRECENT