Monday , October 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ’’ہاردک پانڈیا دوسرے کپل دیو بن سکتے ہیں ‘‘

’’ہاردک پانڈیا دوسرے کپل دیو بن سکتے ہیں ‘‘

بہترین آل راؤنڈر کیلئے ہندوستان کی تلاش مکمل ، بڑودہ کے نوجوان کھلاڑی سے اُمیدیں
نئی دہلی۔ 13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سلیکٹرس کے چیرمین ایم ایس کے پرساد نے اپنے احساس کا اظہار کیا کہ ہاردک پانڈیا میں افسانوی کرکٹر کپل دیو کے مماثل تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ بشرطیکہ یہ آل راؤنڈر گراؤنڈ پر جمے رہیں۔ ممبئی انڈینس کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹی۔ 20 کے ماہر کھلاڑی کی حیثیت سے منظر عام پر آنے والے بڑودہ کے نوجوان آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری بنائی۔ پانڈیا کی پہلی ٹسٹ سنچری میں 7 چھکے بھی شامل ہیں۔ پرساد نے پی ٹی آئی سے کمہا کہ ’’آنے والے دنوں میں اگر وہ (پانڈیا) گراؤنڈ پر جمے رہتے ہیں تو ہم انہیں افسانوی آل راؤنڈر کپل دیو سے تقابل کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 1994ء میں کپل دیو کے ریٹائرمنٹ کے بعد ہندوستان کو کبھی بھی ان کے معیار کا آل راؤنڈر نہیں مل سکا ہے۔ قبل ازیں عرفان پٹھان کو ان کی سوئنگ بولنگ اور جارحانہ بیٹنگ کے سبب اچھا آل راؤنڈر سمجھا جانے لگا تھا لیکن زخمی ہونے کے بعد وہ اپنے فام سے محروم ہوگئے۔ اسٹیورٹ بنی بھی اپنی تمام تر مخلصانہ کوششوں کے بوجود پانڈیا جیسی صلاحیتوں تک رسائی حاصل نہیں کرسکے۔ اس سوال پر کہ آیا باصلاحیت آل راؤنڈر کے لئے ہندوستان کی تلاش اب ختم ہوچکی ہے؟ پرساد نے جواب دیا ’’جی ہاں!‘‘ پرساد نے جو ایک سابق وکٹ کیپر ہیں، کہا کہ ’’مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہوئی ہے کہ ایک آل راؤنڈر کے لئے ہماری تلاشی ہاردک کی شکل میں کامیاب ہوچکی ہے‘‘۔ سلیکٹرس چیرمین اس بات پر کافی مطمئن ہیں کہ رواں سیریز میں اپنی سنچری اور نصف سنچری کے بعد تمام فارمیٹس میں خود کو ایک بہترین آل راؤنڈر ثابت کرچکے ہیں۔پرساد نے کہا کہ ’’وہ مختصر فارمیٹس (ونڈے انٹرنیشنلس اور ٹی۔ 20) میں پہلے ہی بہتر کھیل رہے تھے اور اس ٹسٹ سیریز نے انہیں طویل فارمیٹ میں خود کو ثابت کرنے کیلئے ایک اچھا پلیٹ فام فراہم کیا‘‘۔ پرساد نے کہا کہ ’’انہوں نے انہیں ملنے والے موقع سے بھرپور استفادہ کیا اور کامیابیوں کے ساتھ اُبھر آئے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT