Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہاردک پانڈیا و کرون نائر کی صلاحیتوں کی ستائش ‘ کوچ کمبلے

ہاردک پانڈیا و کرون نائر کی صلاحیتوں کی ستائش ‘ کوچ کمبلے

دونوں کی کارکردگی کی ستائش ۔ انگلینڈ کے خلاف سابقہ ریکارڈ پر نہیں موجودہ کارکردگی پر توجہ دینے کا منصوبہ
راجکوٹ 6 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے چیف کوچ انیل کمبلے کو سلیکشن کے مسائل کا سامنا ہے کیونکہ انہیں یا تو پانچویں بولر ہاردک پانڈیا یا پھر چھٹے بلے باز کرون نائر میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہے ۔ کمبلے نے ان دونوں کے تعلق سے کچھ بھی ظاہر کرنے سے گریز کیا اور انہوں نے دونوں ہی کھلاڑیوں کی صلاحیت کی ستائش کی ہے ۔ کمبلے نے یہ واضح کردیا کہ ٹیم ہاردک پانڈیا کو ایک آل راونڈرکے طور پر اپنے آپ کو منوانے کا موقع دیگی جو پانچویں بولر کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ اگر کرون نائر کی بھی ستائش کی اور کہا کہ انہیں بھی موقع ملتا ہے تو وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے ۔ ہاردک پانڈیا کے تعلق سے سوال پر انہوں نے مثبت رائے کا اظہار کیا ۔ کمبلے نے کہا کہ ہاردک ایک انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ہے ۔ جب وہ پہلی بار آئی پی ایل میں آیا تھا اس نے یہ دکھادیا تھا کہ وہ باصلاحیت ہے ۔ یقینی طور پر ۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 ایک الگ نوعیت کا کھیل ہے لیکن ہم نے وہ تمام صلاحیت دیکھی ہے جو ہاردک میں ہے ۔ چاہے یہ ٹی 20 مقابلے ہوں یا پھر وہ دھرمشالہ میں کھیلا گیا میچ ہو جس میں اس نے تین وکٹیں لی تھیں یا پھر دہلی میںہوا مقابلہ ہو جس میں اس نے 30 سے زیادہ رنز اسکور کئے تھے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اسے ٹسٹ ٹیم میں شامل کرنے کی حمایت کی تھی ۔ کمبلے نے جو ریمارکس کئے تھے اس کو دیکھتے ہوئے یہ قیاس کیا جاسکتا ہے کہ ان کے ذہن میں کیا رائے بن رہی ہے ۔ وہ شائد ہاردک کو ٹیم کے پانچویں بولر کی حیثیت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پانچویں بولر کی اہمیت کو سمجھتے ہیں

اور اگر کوئی 140 کی رفتار سے بولنگ کرتے ہوئے پھر بیٹنگ بھی اچھی کرنے کا امکان فراہم کرسکتا ہے تو پھر ہم یقینی طور پر ہاردک کو آگے بڑھانے کے متمنی ہیں۔ ہم ہاردک کو اپنا آپ ظاہر کرنے کی اجازت دینگے جب کبھی اسے ٹیم میں موقع ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاردک معیاری کھلاڑی ہے اور ہم اس کی حمایت کرینگے ۔ اسے بحیثیت آل راونڈر ٹیم میں شامل رکھنا اچھی بات ہے ۔ جب ان سے کرون نائر کو ٹیم میں چھٹے بلے باز کی حیثیت شامل کرنے کے امکان پر سوال کیا گیا تو کمبلے نے نائر کے تعلق سے بھی مثبت خیال کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو کرکٹ میں کرون نے بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔ اس نے کافی رنز اسکور کئے ہیں۔ وہ مسلسل اور استقلال کے ساتھ مظاہرہ کرتا ہے ۔ آسٹریلیا میں انڈیا اے کیلئے کھیلتے ہوئے اس کے اسکور نہ کرنے کی باتیں سامنے آئی ہیں لیکن ہم جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ اس کا استقلال ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اسے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ جب وہ رانجی ٹرافی کھیلنے واپس گیا تو اس نے دوبارہ رنز اسکور کئے ۔ سنچریاں بنائیں۔ اس سے کرون نائر کیلئے ایک موقع مل گیا ہے کیونکہ روہت شرما زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی ٹیم کے امتزاج کے تعلق سے نہیں سوچا ہے ۔ کرون نائر ایسا کھلاڑی ہے جس پر ہم نے توجہ رکھی ہوئی ہے ۔ ہم نے اچھی کارکردگی کیلئے اس کی تائید بھی کی ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ کرون نائر کو بھی موقع ملے گا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ اسی طرح رنز اسکور کرتا رہے جیسا اس نے کرناٹک کیلئے کیا ہے ۔ انیل کمبلے نے ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف ہوئی ٹسٹ سیریزوں کی شکست کے تعلق سے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ آپ تاریخ کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ آپ کو یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ آپ کیا چاہتے ہیں۔ اب انگلینڈ اور ہندوستان دونوں کی ٹیمیں نئی ہیں۔ کچھ کھلاڑی سابقہ سیریز کے بھی ہیںلیکن موجودہ سیریز کی کارکردگی معنی رکھتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT