Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہاشم آملہ، بیلی، ملر، پریرا، سیمی اور عمران طاہرورلڈالیون میں شامل

ہاشم آملہ، بیلی، ملر، پریرا، سیمی اور عمران طاہرورلڈالیون میں شامل

لاہور۔25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔14 رکنی ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ کے پانچ،آسٹریلیا کے تین، ویسٹ انڈیز کے دو ‘بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے ایک کھلاڑی شامل ہے۔فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت ورلڈ الیون 11 ستمبر کو پاکستان ٓمد سے قبل دبئی میں دو روزہ کیمپ میں شرکت کرے گی جس کے بعد 12، 13 اور 15 ستمبر کو بالترتیب تین ٹی20 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کیلیے محفوظ ہے اور تمام غیرملکی کھلاڑیوں نے سیکیورٹی انتظامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے، کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان پر آمادہ کرنا بہت مشکل کام تھا لیکن ہمیں اس میں کامیابی نصیب ہوئی۔نجم سیٹھی نے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیو پلیسی کے ساتھ اسکواڈ میں انگلینڈ کی 2010 ورلڈ ٹی20 جیتنے والی ٹیم کے کپتان پال کولنگ ووڈ بھی شامل ہیں جنہوں نے جولائی میں انگلینڈ میں جاری نیٹ ویسٹ ٹی20 بلاسٹ میں 68 گیندوں پر 108 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اسکواڈ میں دو مرتبہ کی ورلڈ ٹی20 چیمپیئن ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی، مشہور جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم ٓملا، بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال، موجودہ دور میں محدود اوورز کے بہترین بیٹسمین تصور کیے جانے والے جنوبی افریقی ڈیوڈ ملر کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ٹی20 ماہرگرانٹ ایلیٹ اور سابق کپتان جارج بیلی بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ناموں کے اعلان کے بعد اب اسپانسر کا فیصلہ کریں گے کیونکہ اسپانسرز کی شرط تھی کہ پہلے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے تو پھر وہ سیریز کو اسپانسر کریں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے میچز کے سلسلہ میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں سیکیورٹی ٹیم پاکستان آئے گی جو حکومت پنجاب کے عہدیداران اور سیکیورٹی عہدیدار سے ملے گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میرا اگلی منزل کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کروانا ہے اور اس مقصد کے لئے متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔فاف ڈیو پلیسی نے کہا کہ میری نظریں اپنے پہلے دورہ پاکستان پر اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد کرنے پر مرکوز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے خلاف چند بہترین میچوں کا حصہ رہا ہوں لیکن پاکستان میں پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنا ایک انوکھا تجربہ ہو گا۔ڈیو پلیسی نے کہا کہ مجھے اور میری ٹیم کے تمام اراکین کو سیکیورٹی ماہرین کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ اس سیریز میں حصہ لینے والے تمام افراد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بحثیت پیشہ وار کھلاڑی ہمیں پاکستان میں کھیلنے کے لئے بھاری رقم دی جارہی ہے لیکن سیکورٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اگر ہم سیریز کے دوران اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھیں گے تو بڑی سے بڑی رقم بھی ہمیں کھیلنے پر مجبور نہیں کرسکتی۔ورلڈ الیون ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور سرانجام دیں گے۔ورلڈ الیون کی 14 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
فاف ڈیو پلیسی(کپتان)، ہاشم آملہ، تمیم اقبال، سیمیول بدری، جارج بیلی، پال کالنگ ووڈ، بین کٹنگ، گرانٹ ایلیٹ، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، ٹم پین، تھسارا پریرا، عمران طاہر اور ڈیرن سیمی۔

TOPPOPULARRECENT