Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / ہتک عزت مقدمہ : کجریوال اور دیگر کو ضمانت

ہتک عزت مقدمہ : کجریوال اور دیگر کو ضمانت

نئی دہلی ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور عام آدمی پارٹی کے 5 دیگر قائدین کو جنہیں مرکزی وزیر ارون جیٹلی کی جانب سے دائر کردہ ہتک عزت مقدمہ میں بطور ملزم سمن جاری کیا گیا تھا، سٹی کورٹ نے آج ضمانت منظور کرلی۔ چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ سمت داس نے اروند کجریوال، اشوتوش، سنجے سنگھ، کمار وشواس، راگھو چڈھا اور دیپک باجپائی کو 9 مارچ کو جاری کردہ سمن پر عدالت میں حاضری کے بعد ان کی پیش کردہ درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے انہیں 20 ہزار روپئے کے شخصی مچلکہ اور اسی رقم کے مماثل ضمانت جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر اور عام آدمی پارٹی کے دیگر قائدین کے علاوہ ارون جیٹلی عدالت میں پولیس کی بھاری جمعیت کے درمیان پہنچے تاکہ حریف جماعتوں کے حامیوں میں امکانی جھڑپ نہ ہو۔ پٹیالہ ہاؤز کورٹ کے باہر دونوں جماعتوں کے حامیوں کی کثیر تعداد جمع ہوگئی تھی۔ سماعت شروع ہونے سے قبل بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے۔ عدالت کے احاطہ میں داخلہ بند کردیا گیا تھا اور صرف ملزمین کو ہی جانے کی اجازت دی جارہی تھی۔ عدالت میں سماعت 2.35 بجے شروع ہوئی اور آر کے ودھوا اور سی ایل گپتا ایڈوکیٹس نے کجریوال کی جانب سے عدالت میں پیش ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں دستاویزات کے مکمل سیٹ کی نقل فراہم نہیں کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT