Thursday , May 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہربھجن اور آفریدی چیمپیئز ٹرافی کے سفیروں میں شامل

ہربھجن اور آفریدی چیمپیئز ٹرافی کے سفیروں میں شامل

دبئی ۔12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں سال انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لئے ہندوستانی اسپنر ہربھجن سنگھ اور پاکستانی آل راؤنڈر  شاہد آفریدی سمیت 8 سفیروں کے ناموں کا اعلان کردیا جنھوں نے مجموعی طورپر 1774 ونڈے میچوں میں 48 سنچریوں کی مدد سے 51 ہزار 906 رنز بنائے اور838 وکٹیں حاصل کیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق مستقبل کی نسل کو کھیل سے متاثر کرنے اور ٹورنمنٹ کی مقبولیت کو بڑھانے کے لئے رواں سال یکم تا 18 جون کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لئے 8 سفیروں کا اعلان کردیا گیا۔آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو بھی کرکٹ کے مشہور کھلاڑیوں کے ساتھ سفیروں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ اس ضمن میں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ مجھے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا سفیر مقرر کیا گیا۔دوسری جانب ہندوستانی سفیر ہربھجن سنگھ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اس ٹورنمنٹ کا چیمپین ہے اور موجودہ ٹیم میں اتنی صلاحیت اور توازن برقرار ہے کہ وہ آسانی کے ساتھ اپنے خطاب کا دفاع کرسکتی ہے۔آفریدی نے مزید کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی ایک ایسا ٹورنمنٹ ہے جس کو پاکستان نے کبھی نہیں جیتا اور اب ہندوستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے ساتھ ایک مشکل گروپ میں ہے۔ پاکستانی ٹیم کو اپنی صلاحیت پر بھروسہ کرنا چاہیے اور ہر میچ میں لطف اندوز ہونے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ کامیابی کے لئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا اور ان کھلاڑیوں کو بھی اپنے سابق کھلاڑیوں یا دیگر بہترین ٹیموں کی طرح ہی کام کرنا ہوگا۔ آئی سی سی کی ویب سائٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنے مہارت اور اچھے مشوروں سے نوازیں گے اور مجھے یقین ہے کہ چمپیئنز ٹرافی کے 15 میچوں میں ہم سب ان کے تجزیوں کو پڑھ کر محظوظ ہوں گے۔چمپیئنز ٹرافی کا پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ تمام میچز انگلینڈ اور ویلز کے تین مقامات اوول، ایجبسٹن اور کارڈف میں کھیلے جائیں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT