Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ہریتا ہرم پروگرام میں ہر فرد کو حصہ لینے کی اپیل

ہریتا ہرم پروگرام میں ہر فرد کو حصہ لینے کی اپیل

شمس آباد کے موضع چنا گولکنڈہ میں ضلع پریشد چیرمین کا خطاب
شمس آباد ۔ 18 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : شمس آباد منڈل میں مختلف مقامات پر ہریتا ہرم پروگرام میں ضلع پریشد چیرمین رنگاریڈی ضلع محترمہ پی سنیتا مہیندر ریڈی نے شرکت کرتے ہوئے شجرکاری کرتے ہوئے پروگرام کا آغاز کیا ۔ شمس آباد منڈل آفس ، چناگولکنڈہ ، گنڈی گوڑہ جنگلات اور اونٹ پلی میں شجرکاری کی گئی ۔ سنیتا مہیندر ریڈی نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ گزشتہ تین سال سے برسات کم ہونے کی وجہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ اس سال اگر بارش نہ ہوئی تو آئندہ موسم گرما میں پانی کی شدید قلت ہوگی ۔ فصلیں برباد ہوجائیں گی ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شجرکاری کو اہمیت دیتے ہوئے ہریتا ہرم پروگرام منعقد کیا گیا ۔ جاریہ سال شجرکاری کرنے کے ساتھ پودوں کی حفاظت کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہوگی ۔ گزشتہ کئی سالوں پہلے درخت لگائے گئے تھے اس کے بعد کسی بھی حکومت کی جانب سے اس کی حفاظت کے انتظامات نہیں کئے لیکن ہمیں اب درختوں کی حفاظت کرنا لازمی ہوگیا ہے ۔ درختوں کے کاٹنے پر بھی پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے ۔ درختوں کی کمی کی وجہ سے بھی برسات میں کمی ہورہی ہے ۔ حکومت کے اس پروگرام میں ہر محکمہ اور ہر پارٹی کے قائدین حصہ لیتے ہوئے شجرکاری کررہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ اس سال برسات اوسط سے زیادہ ہوجائے ۔ بصورت دیگر پوری ریاست پانی کی شدید قلت کے سنگین نتائج عوام پر ہی ہوں گے ۔ جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا ۔ کئی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوجائے گا ۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس پروگرام میں ہر فرد حصہ لیتے ہوئے شجرکاری کریں اور ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے میں ہاتھ بٹائیں ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ ریاست کی ترقی کا انحصار اب برسات پر ہی منحصر ہوگیا ہے گزشتہ دو تین سال سے کم بارش کی وجہ سے پہلے ہی کسان پریشان حال ہیں اور اگر جاریہ موسم میں برسات نہ ہوئی تو آئندہ سال مزید سنگین نتائج ہوسکتے ہیں ۔ اس موقع پر شمس آباد منڈل صدر چکلہ ایلیا ، زیڈ پی ٹی سی ممبر بی ستیش ، شمس آباد سرپنچ راچا ملاسدیشور ، سورنا لتا ریڈی ، راجندر نگر انچارج ، مہیندر ریڈی ، چندرا ریڈی ، سریش گوڑ ، جگدیشور گوڑ ، شیخ محمد ، راجو ، بی ملیش ، سرینواس گوڑ ، دیپا کے علاوہ دیگر قائدین موجودتھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT